امریکہ کے وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے کولمبیا کے حالیہ دورے کے دوران کہا تھا کہ امریکہ اور کولمبیا کے درمیان تعلقات مغربی کرۂ ارض، اس کی سلامتی اور علاقے میں تمام لوگوں کی آزادی کے لیے بڑی اہمیت کے حامل ہیں۔
کولمبیا نے کووڈ-19 کی عالمی وبا کے مشکل دنوں میں وینزویلا کے پناہ گزینوں کی دیکھ بھال میں ایک کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ عبوری صدر ہوان گوئیڈو اور ایک خودمختار وینیزویلا کی جانب جمہوری سفر میں، جو کیوبا، روس اور ایران کے مذموم اثرات سے پاک ہو، کولمبیا کی حمایت یقیناً گراں قدر ہے۔
کولمبیا کے عوام اپنے ملک میں پائیدار اور منصفانہ امن کے خواہش مند ہیں۔ وزیرِ خارجہ پومپیو نے کہا کہ کولمبیا کی انقلابی مسلح فورسز 'ایف اے آر سی' کے باغیوں، نیشنل لبریشن آرمی یا کسی اور دہشت گرد یا جرائم پیشہ گروہ کی جانب سے تشدد ناقابلِ قبول ہے اور نہ ہی نکولس مادورو جیسے حکمرانوں کی جانب سے کارروائیوں کو، جو ان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں، امداد اور آسانیاں فراہم کرتے ہیں، برداشت کیا جاسکتا ہے۔
کولمبیا نے حزب اللہ کو ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کا درجہ دے کر اس کی جانب سے درپیش خطرات کے مقابلے کے لیے قیادت کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس قسم کا درجہ دینے سے حکومتوں کو اس کے ارکان کی گرفتاری، ان کے اثاثوں کو منجمد کرنے، ان کی نقل وحرکت کو محدود کرنے اور دہشت گرد حملوں کی سازش اور ان پر عمل کرنے کی راہ مسدود کرنے میں مدد ملتی ہے۔
وزیرِ خارجہ پومپیو نے زور دیا کہ ایران اور حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے گماشتوں پر زیادہ سے زیادہ دباؤ دنیا میں ہر جگہ آزاد لوگوں کے لیے امن اور سلامتی کی خاطر ضروری ہے۔ وزیرِ خارجہ نے کہا کہ امریکہ اور کولمبیا ناجائز منشیات کے خلاف جنگ میں بھی متحد ہیں۔
پومپیو کے بقول ان مشکل حالات میں بھی کولمبیا کے قانون نافذ کرنے والے ادارے نے کوکین کو ممنوع قرار دینے اور اس کے خاتمے کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ کولمبیا نے 2019 میں، اس سے سال بھر پہلے یعنی 2018 کے مقابلے میں کوکا کی ستاون فی صد سے زیادہ کاشت کو تباہ کیا۔ امریکہ اپنے وسائل اور اپنی مہارت کے ذریعے مدد کے لیے موجود ہے اور آپ نے جو کام انجام دیا ہے ہم اس کی تعریف کرتے ہیں۔
امریکہ کولمبیا کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے جس کا کولمبیا کی مجموعی تجارت میں حصہ 34 فی صد ہے۔ امریکہ اور کولمبیا کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے معاہدے کا مقصد سرمایہ کاری کی فضا کو بہتر بنانا، محصولات اور امریکہ کی برآمدات میں دوسری رکاوٹوں کو ختم کرنا، تجارت کو وسعت دینا اور دونوں ملکوں کی اقتصادی نمو کو فروغ دینا ہے۔
وزیرِ خارجہ پومپیو نے اعلان کیا کہ امریکہ کولمبیا کے دیہی علاقے میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو وسعت دے گا، جن میں وہ کوششیں بھی شامل ہیں جو امریکہ کے ترقیاتی فنانس کارپوریشن کی وساطت سے کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ کوکا کی فصلوں کے متبادل کے طور پر کوئی حل نکالا جائے۔
وزیرِ خارجہ پومپیو نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ شمالی اور جنوبی امریکہ کی بہتری کے لیے امریکہ اور کولمبیا مؤثر قوتیں ہیں۔
حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**