Accessibility links

Breaking News

جنوبی سوڈان کے لیے امداد میں اضافہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

دو ہزار اکیس جنوبی سوڈان کے لوگوں کے لیے تباہ کن سال کے طور پر سامنے آیا۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق ملک نے 10 برس قبل جب سے سوڈان سے آزادی حاصل کی ہے اسے خوراک کے معاملے میں بدترین حد تک عدم تحفظ اور غذائیت کی کمی کا سامنا ہے۔ اس میں شک نہیں کہ مئی سے جولائی تک کی آئندہ مدت کے بارے میں خیال ہے کہ یہ ان سب کے مقابلے میں زیادہ سنگین ہو گی جو اب تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

ایک اندازے کے مطابق 77 لاکھ لوگوں کو جو آبادی کا تقریباً دو تہائی بنتے ہیں خوراک کی امداد کی ضرورت ہو گی۔

ان میں ایک اندازے کے مطابق 14 لاکھ بچے شامل ہیں جنہیں غذائیت کی سخت کمی کا سامنا ہے۔

اس مسئلے کی ایک وجہ قدرتی آفات بھی ہیں۔ حالیہ شدید سیلاب کے اثرات کو کرونا وائرس کی عالمگیر وبا نے اور بھی بڑھا دیا ہے۔ لیکن بیشتر مسئلہ خود انسان کا اپنا پیدا کردہ ہے، جو برسوں کی خانہ جنگی، فرقہ ورانہ تنازعات، آپس کی سیاسی لڑائی جھگڑے اور بدعنوانی کی وجہ سے عدم استحکام کا براہ راست نتیجہ ہے۔

یہ بحران گزشتہ برس شدید سیلاب، ٹڈی دل کے حملوں اور کرونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے اور بھی شدید ہو گیا ہے۔

اپریل کے وسط میں امریکہ نے اعلان کیا کہ وہ جنوبی سوڈان کے لوگوں کے لیے نو کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے زیادہ کی اضافی انسانی امداد دے گا جنہیں خوراک کی سخت کمی کا سامنا ہے اور خدشہ ہے کہ یہ صورتِ حال جنوبی سوڈان کے بعض حصوں میں قحط کی صورت اختیار کر سکتی ہے۔

اس کے بعد 2021 کے مالی سال میں اب تک انسانی ہمدردی کی صورت میں امریکہ کی امداد مجموعی طور پر 48 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک پہنچ جائے گی۔

اس فنڈ سے امریکی حکومت لاکھوں متاثرین کو صحت کی ضروری دیکھ بھال، پناہ گاہیں، پینے کا صاف پانی، گندے پانی کی نکاسی، حفظانِ صحت کی خدمات اور خوراک اور غذائیت کی سہولتیں مہیا کرے گی۔

جتنا ممکن ہو سکا بین الااقوامی ترقی کے لیے امریکی ادارہ یو ایس ایڈ جنوبی سوڈان کے ایسے مقامی کسانوں سے فصل خریدے گا جو اس موسم کے دوران اپنی فصلوں کو کاشت کر سکے تھے۔

امریکہ کی اس اعانت کا دائرہ ان لوگوں تک پھیلا دیا جائے گا جو اندرون ملک بے گھر ہو گئے ہیں اور ساتھ ہی جنوبی سوڈان کے ان پناہ گزینوں تک بھی جو میزبان ممالک یوگنڈا، سوڈان، ایتھوپیا، کینیا اور ڈیمو کریٹک ری پبلک آف کانگو میں رہائش پذیر ہیں۔

امریکہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنوبی سوڈان کو سب سے زیادہ عطیہ دینے والا ملک ہے۔ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دی جانے والی امداد جنوبی سوڈان میں خود انسان کی پیدا کردہ تباہی کا حل تو نہیں پیش کر سکتی لیکن شہریوں کو زندہ رکھنے اور ان کے مسائل کا مداوا کرنے کے لیے ضروری ہے۔ جنوبی سوڈان کے لوگوں کے مسائل کو ختم کرنے کا واحد طریقہ ان کے سیاسی حل ہی میں مضمر ہے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG