Accessibility links

Breaking News

سوڈان میں نیا سیاسی فریم ورک ایک اہم قدم


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ سوڈانی جماعتوں کے ابتدائی سیاسی فریم ورک کےحالیہ اعلان کا خیر مقدم کرتا ہے۔

سوڈان اور جنوبی سوڈان کے بارے میں سلامتی کونسل کی بریفنگ میں اقوامِ متحدہ میں امریکی مشن کے سیاسی کونسلر جان کیلی نے کہا کہ یہ سوڈان کی جمہوریت کی جانب دوبارہ منتقلی کے لیے ایک ضروری پہلا قدم ہے۔

اوراب حتمی معاہدے کی جانب ایک قابلِ بھروسہ راہ ہموار ہو گئی ہے جو سوڈان کو اس کے موجودہ سیاسی بحران سے نکالے گا۔

اکتوبر 2021 میں سوڈان کی فوج نے جس کی سربراہی جنرل عبدالفتاح برہان کر رہے تھے، سویلین قیادت والی عبوری حکومت کا تختہ الٹ دیا جس سے سوڈان کی کئی دہائیوں کی آمریت کے بعد قائم ہونے والی نوزائیدہ جمہوریت کی جانب منتقلی کا عمل راہ سے ہٹ گیا۔

اس کے بعد وہاں بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے اور تشدد کا سامنا کرنا پڑا اور ملک میں معاشی حالات مزید بدتر ہو گئے۔ جولائی میں جنرل برہان نے اعلان کیا کہ فوج اقتدار عام شہریوں کو واپس کرنے کے لیے تیار ہے۔

سوڈانی اسٹیک ہولڈرز کے مختلف گروپوں نے پانچ دسمبر کے فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ پولیٹیکل کونسلر کیلی نے کلیدی مسائل پر جاری بات چیت کے ایک اضافی مرحلے کے لیے ان کی کوششوں اور ان کے منصوبوں کی تعریف کی۔

انہوں نے تمام سوڈانی اسٹیک ہولڈروں پر زور دیا کہ وہ "نیک نیتی کے ساتھ بات چیت میں حصہ لیں اور جلد از جلد سویلین قیادت میں ایک عبوری حکومت قائم کریں۔

7 دسمبر میں امریکہ نے کسی بھی ایسے موجودہ یا سابق سوڈانی عہدیدار یا دیگر افراد کو اس کے دائرہ کار میں لانے کے لیے ویزا کی موجودہ پابندی کی پالیسی میں توسیع کا اعلان کیا جو سوڈان میں جمہوری پیش رفت کو نقصان پہنچانے یا اس میں تاخیر کرنے کی کوشش کا ذمے دار ہو۔

اس میں حقوق انسانی اور بنیادی آزادیوں کو دبا کر یہ کوششیں کرنے والے بھی شامل ہیں۔

وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے جنہوں نے ابتدائی سیاسی فریم ورک معاہدے کا خیرمقدم کیا، ایک بیان میں کہا کہ امریکی اقدام "سوڈان کی جمہوری منتقلی کی حمایت کرنے کے لیے محکمہ جو طریقہ کار اختیار کرتا اس کو وسعت دیتا ہے اور ملک میں سویلین قیادت والی ایک ذمہ دار اور جواب دہ حکومت کے قیام کی سوڈانی عوام کی خواہش کی حمایت کے ہمارے مسلسل عزم کا عکاس ہے ۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ ہم ایک بار پھر سوڈان کے فوجی رہنماؤں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اقتدار سویلینز کے حوالے کریں۔

انسانی حقوق کا احترام کریں اور مظاہرین کے خلاف تشدد ختم کریں۔ انہوں نے سوڈان کے سویلین رہنماؤں کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ نیک نیتی سے مذاکرات کریں اور قومی مفاد کو ذاتی سیاسی خواہشات سے بالاتر رکھیں۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG