Accessibility links

Breaking News

شمالی کوریا کے میزائل تجربات: ایک خطرہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ستمبر میں ڈیمو کریٹک ری پبلک آف کوریا نے لگاتار میزائل تجربات کیے جن میں مشرقی ساحل سے پرے بیلسٹک میزائل کا چھوڑا جانا بھی شامل تھا۔ پچھلے چھ ماہ میں بیلسٹک میزائل کا یہ پہلا تجربہ تھا۔

امریکہ نے ان میزائل تجربات کی مذمت کی ہے۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ یہ میزائل تجربات اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔ ہمیں احساس ہے کہ یہ شمالی کوریا کے پڑوسی ممالک اور عالمی برادری کے دیگر ملکوں کے لیے خطرے کا باعث ہیں۔

محکمۂ دفاع کے ترجمان جان کربی نے اس بارے میں کہا کہ یہ سرگرمیاں شمالی کوریا کے غیر قانونی پروگرام کے عدم مستحکم اثرات کو اجاگر کرتی ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ جنوبی کوریا اور جاپان کے دفاع کے سلسلے میں امریکہ کا عزم غیر متزلزل ہے۔

امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان ایٹمی مذاکرات 2019 سے معطل ہیں جب کہ بائیڈن انتظامیہ نے واضح کر رکھا ہے کہ وہ ان مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنا چاہتی ہے۔

وزارتِ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ ہم مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں کیوں کہ اسی کے ذریعے ہم اپنے حتمی مقصد کو حاصل کر سکتے ہیں اور سادہ سی بات یہ ہے کہ ہم جزیرہ نما کوریا کو ایٹمی اسلحہ سے پاک علاقہ دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ شمالی کوریا کے خلاف ہمارا ارادہ معاندانہ نہیں ہے۔ ہم صرف امریکہ اور اس کے اتحادی جنوبی کوریا اور جاپان کے لیے درپیش خطرات کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ میرے خیال میں ہم ایسا سفارت کاری کے ذریعے کر سکتے ہیں۔

حال ہی میں اسی ایجنڈے پر امریکہ اور علاقے کے ملکوں کے درمیان سفارتی رابطے ہوئے ہیں۔ ستمبر کے وسط میں شمالی کوریا کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے سنگ کم ٹوکیو گئے تھے جہاں انہوں نے جاپان اور جنوبی کوریا کے اعلیٰ حکام سے دوسرے امور کے علاوہ شمالی کوریا کی سرگرمیوں کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا۔

شمالی کوریا نے طویل فاصلے والے میزائل کا جب تجربہ کیا تو اس کے چند دنوں بعد سول میں چین اور جنوبی کوریا کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات ہوئی۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان پرائس کا کہنا ہے کہ یہ ملاقاتیں، رابطے اور سفارت کاری کا وہ مؤثر طریقہ ہیں جس پر امریکہ یقین رکھتا ہے اور یہی امریکہ اور علاقے کے ممالک کا مشترک مقصد ہے، یعنی جزیرہ نما کوریا کو ایٹمی اسلحہ سے پاک بنانے کے لیے با معنی پیش رفت کی جائے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG