Accessibility links

Breaking News

بلنکن کا دورۂ جاپان


امریکی وزیرِ خارجہ اپنے جاپانی ہم منصب کے ہمراہ نیوز کانفرنس کر رہے ہیں۔
امریکی وزیرِ خارجہ اپنے جاپانی ہم منصب کے ہمراہ نیوز کانفرنس کر رہے ہیں۔

امریکی وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکہ، جاپان کے ساتھ اپنے اتحاد سے گہری وابستگی رکھتا ہے۔

اپنے حالیہ دورۂ جاپان کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بلنکن نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ اور جاپان مل کر سلامتی سے متعلق کلیدی مسائل پر توجہ دے رہے ہیں جن میں شمالی کوریا کا ایٹمی ہتھیاروں کا پروگرام اور پورے علاقے میں جہاز رانی کی سلامتی شامل ہیں۔

اُن کے بقول امریکہ اور جاپان کو درپیش دوسرے ترجیحی مسائل میں کرونا وبا، آب و ہوا کی تبدیلی اور سائبر سیکیورٹی شامل ہے۔

بلنکن بولے کہ امریکہ اور جاپان نے جمہوریت، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کا تہیہ کررکھا ہے۔ تاہم وزیر خارجہ نے انتباہ کیا کہ ان اقدار کو بہت سی جگہوں پر جن میں یہ علاقہ بھی شامل ہے خطرہ درپیش ہے۔

میانمار کی صورتِ حال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے بلنکن نے کہا کہ وہاں فوج، جمہوری انتخابات کے نتائج کو زائل کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور ظالمانہ انداز میں پرامن مظاہرین کے خلاف جبر و استبداد کو روا رکھے ہوئے ہے۔

چین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ بلنکن کا کہنا تھا کہ وہ ہانگ کانگ کی خودمختاری کو سوچے سمجھے طریقے سے ختم کرنے، تائیوان میں جمہوریت کو نقصان پہنچانے، سنکیانگ اور تبت میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے علاوہ جنوبی بحیرہؑ چین سے متعلق ایسے دعوے کرتا ہے جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور جارحیت کے زمرے میں آتے ہیں۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ ہم ایک کھلے اور آزاد بحرِ ہند اور بحر الکاہل خطے کی سوچ کے حوالے سے متحد ہیں جہاں تمام ممالک قوائد و ضوابط کی پیروی کریں، جہاں کہیں ممکن ہو تعاون کریں اور اپنے اختلافات پرامن طور پر حل کریں۔

اُن کا کہنا تھا کہ جب بھی چین اپنے مقصد کے لیے دھمکی اور جارحیت کا استعمال کرے گا تو ہم اگر ضروری ہوا تو اس کا جواب دیں گے۔ انڈو پیسفیک کا علاقہ تیزی سے عالمی سطح پر فوجی اورسیاسی حیثیت کا حامل ہوتا جا رہا ہے۔

بلنکن کے بقول یہ ایک ایسا خطہ ہے جہاں 21 ویں صدی میں تاریخ رقم کی جائے گی۔ اس کے بارے میں مختلف تصورات ہیں کہ یہ کہانی کس انداز کی ہونی چاہیے۔ جاپان اور امریکہ بشمول اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے اپنے مشترکہ طرز عمل کی سخت وکالت کریں گے جن کی جڑیں ہماری اقداراور ہمارے تمام لوگوں کی سلامتی اور فلاح وبہبود سے متعلق ہمارے مشترکہ عہد میں پیوست ہوں۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ ہم مستقبل کی جانب اعتماد سے دیکھتے ہیں اور یہ کہ جاپان اور امریکہ کے درمیان دوستی جاری و ساری رہے گی اور صرف ایسا ہی نہیں بلکہ اس میں اضافہ ہوگا اور ایک ساتھ مل کر ہم اپنے تمام لوگوں کے لیے ایک مضبوط اور صحت مند مستقبل کی تعمیر کریں گے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG