Accessibility links

Breaking News

پاکستان میں جمہوری اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان امریکہ کا ایک اہم شراکت دار ہے۔ امریکہ کے جنوبی اور وسطی ایشیائی امورکے معاون وزیر یا اسسٹنٹ سیکریٹری ڈونلڈ لو نے کانگریس میں اپنی حالیہ سماعت کے دوران یہ بات کہی۔

اسسٹنٹ سیکریٹری لو نے کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات جمہوریت کی بنیاد ہیں۔ بدقسمتی سے پاکستان میں آٹھ فروری کو ہونے والی ووٹنگ نقائص سے پاک نہ تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اظہارِ رائے، تنظیم اور پرامن اجتماع کی آزادی پر غیر ضروری پابندیوں کو دیکھا ہے۔ ہم نے انتخابی تشدد اور انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں پر پابندیوں کی مذمت کی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے میڈیا ورکرز پر حملوں اور انٹرنیٹ اور ٹیلی کام سروسز تک رسائی پر پابندیوں کی مذمت کی اور ہم نے انتخابی عمل میں مداخلت کے الزامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ مداخلت اور دھوکہ دہی کے دعووں کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔

اسسٹنٹ سیکریٹری لو نے کہا کہ ’’ہم خاص طور پر انتخابی بدسلوکی اور تشدد کے بارے میں فکر مند رہے جو انتخابات سے پہلے کے ہفتوں میں سامنے آیا۔‘‘

"اسسٹنٹ سکریٹری لو نے کہا کہ ’’پہلے تو دہشت گرد گروہوں کی طرف سے پولیس، سیاست دانوں اور سیاسی اجتماعات پر حملے ہوئے۔ دوسرا متعدد صحافیوں، خاص طور پر خواتین صحافیوں کو پارٹی کے حامیوں کی طرف سے ہراساں کیا گیا اور بدسلوکی کا نشانہ بنایا گیا اور تیسرا، کئی سیاسی رہنماؤں کو مخصوص امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کے اندراج میں ناکامی کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا۔‘‘

اسسٹنٹ سیکریٹری لو نےتوجہ دلائی کہ اس الیکشن کے مثبت پہلو بھی تھے۔

وہ کہتے ہیں کہ ’’ تشدد کے خطرے کے باوجود 60 ملین سے زیادہ پاکستانیوں نے ووٹنگ میں حصہ لیا جن میں 21 ملین سے زیادہ خواتین بھی شامل ہیں۔ ووٹرز نے 2018 کے مقابلے میں 50 فی صد زیادہ خواتین کو پارلیمنٹ کے لیے منتخب کیا۔ پارلیمنٹ میں نشستوں کے لیے انتخاب میں حصہ لینے کے لیے خواتین امیدواروں کی ریکارڈ تعداد کے علاوہ مذہبی اور اقلیتی گروپوں کے ارکان اور نوجوان بھی ریکارڈ تعداد میں سامنے آئے۔

امریکہ اور پاکستان پر عزم ہیں کہ ملک کے جمہوری اداروں کی مضبوطی ، یو ایس پاکستان گرین الائنس کے لائحہ عمل کی حمایت، القاعدہ اور آئی ایس آئی ایس جیسے گروپوں سے دہشت گردی کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے تعاون اور انسانی حقوق کے احترام کو فروغ دیا جائے گا۔

امریکہ پاکستان میں معاشی استحکام کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

ڈونلڈ لو کا کہنا ہے کہ ’’ ہم پاکستان کی برآمدات والے ملکوں میں سرفہرست ہیں۔ ہم اپنی شراکت کے 76 سالوں میں انفراسٹرکچر کی تشکیل میں سب سے اہم سرمایہ کار رہے ہیں۔ مثال کے طور پر امریکی حکومت اب منگلا اور تربیلا ڈیموں کی تجدید کر رہی ہے جو لاکھوں پاکستانیوں کو بجلی فراہم کرتے ہیں۔

اسسٹنٹ سیکریٹری لو نے اعلان کیا کہ پاکستانی عوام ایک پرامن، جمہوری اور خوشحال ملک کے مستحق ہیں اور ’’ہم اس مؤقف کی حمایت کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔

یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی ترجمانی کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG