یہ لمحاتی خاموشی کی ایک کال تھی جس کی آواز اتنی بلند ہوئی کہ روسی حکومت اسے برداشت نہیں کر سکی۔
مارچ 2022 میں ماسکو سٹی کونسل کے اجلاس میں سٹی کونسلر اور انسانی حقوق کے علمبردا ر الیکسی گورینوف نے زور دیا کہ میٹنگ کا آغاز ان بچوں اور دیگر متاثرین کو یاد کرنے کے لیے ایک لمحے کی خاموشی سے کیا جائے جو یوکرین کے خلاف روس کی جنگ میں مارے جا رہے ہیں۔
گورینوف چند ہفتوں بعد پہلے شخص تھے جنھیں روس کے جنگی سنسر شپ قوانین کے تحت گرفتار کیا گیا۔ ان کا قصور یہ تھا کہ انھوں نے یوکرین پر روس کے حملے کو ’خصوصی فوجی آپریشن‘ کے بجائے ’جنگ‘ قرار دیا۔
الیکسی گورینوف کو جولائی 2022 میں روسی فوج کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔ روسی جج اولیسیا مینڈیلیوا نے گورینوف کو سات سال قید کی سزا سنائی۔
31 دسمبر کو امریکہ نے اولیسیا مینڈیلیوا پر الیکسی گورینوف کی بے ضابطہ حراست میں کردار ادا کرنے پر پابندیاں عائد کر دیں۔ منڈیلیوا کو گلوبل میگنٹسکی پابندیوں کے پروگرام کے تحت (ان پابندیوں کے لیے) نامزد کیا گیا تھا۔ اس پروگرام کا ہدف دنیا بھر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بدعنوانی کے مرتکب افراد ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ نے پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان میں توجہ دلائی کہ گورینوف کے مقدمے کی سماعت کے دوران مینڈیلیوا نے دفاعی گواہوں کی شہادتوں پر غور کرنے سے انکار کر دیا اور دلیل دی کہ قید کے بغیر گورینوف کی ’اصلاح‘ ناممکن ہو جائے گی۔ جج مینڈیلیوا طویل اور سخت سزائیں سنانے کے لیے مشہور ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ نے یہ بھی مشاہدہ کیا کہ الیکسی گورینوف کو حراست میں جسمانی زیادتی اور طبی علاج سے انکار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
محکمہ خزانہ کے دہشت گردی اور مالیاتی انٹیلی جینس کے لیے قائم مقام انڈر سیکریٹری بریڈلی اسمتھ نے ایک بیان میں کہا کہ ’’روس کی قانونی نظام میں ہیرا پھیری اختلاف رائے کو خاموش کر دیتی ہے اور یوکرین کے خلاف روس کی ناقابلِ دفاع جنگ کے بارے میں سچائی کا خاتمہ کر دیتی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک الگ بیان میں اعلان کیا کہ ’’امریکہ روسی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے جنہیں روسی حکام کی جانب سے اپنے ہی ملک میں انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کو استعمال کرنے پر دھمکیوں، تشدد، انتقامی کارروائیوں اور قید کا سامنا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم گورینوف کی فوری اور غیر مشروط رہائی اور ان تمام دیگر افراد کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں جنہیں روسی فیڈریشن نے بے ضابطگی کے ساتھ حراست میں لیا ہے۔ ہم روسی فیڈریشن میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے احتسابی عمل کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی عکاسی کرتا ہے۔