Accessibility links

Breaking News

بیرون ملک کمزور ایران کا داخلی جبر جاری


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے حال ہی میں کہا کہ ’’ایران کے لیے یہ اچھا سال نہیں رہا۔

اس کی بنیادی پراکسی تنظیموں حزب اللہ اور حماس کو ختم کر دیا گیا ہے۔ شام میں اس کی قریبی اتحادی اسد حکومت کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ ایران کے میزائل مؤثر ثابت نہیں ہوئے ہیں۔ اس کے متعدد فضائی دفاعی نظام تباہ ہو چکے ہیں۔

اگرچہ ایران ممکنہ طور پر کمزور ہے تاہم اس نے ایرانی عوام کے خلاف مضبوطی سے جابرانہ عمل جاری رکھا ہوا ہے۔ خاص طور پر ان لوگوں کے خلاف جنہوں نے اختلاف رائے کیا یا درست خبریں اور معلومات فراہم کیں۔

ایسی ہی ایک مثال دسمبر میں اس وقت سامنے آئی جب امریکی ایرانی نژاد صحافی رضا ولی زادہ کو ’’مخالف حکومت کے ساتھ تعاون‘‘ کے الزام میں 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

ولیزادہ نے امریکی فنڈ سے چلنے والے ریڈیو فردا، ریڈیو فری یورپ/ریڈیو لبرٹی کے ایک آؤٹ لیٹ اور وائس آف امریکہ کے سسٹر اسٹیشن کے لیے کام کیا تھا۔ 2022 میں وہ وہاں سے چلے گئے اور فارسی زبان کے مختلف اداروں میں کام کیا۔

رضا ولی زادہ فروری 2024 میں اہلِ خانہ سے ملنے ایران واپس آئے اور ستمبر کے آخر میں انھیں گرفتار کر لیا گیا۔ نومبر میں ان کے دو عدالتی سیشنوں کے دوران استغاثہ کا کوئی نمائندہ موجود نہیں تھا۔ اس کے بجائے جج نے ہی استغاثہ کا کردار ادا کیا۔

ولیزادہ کو 10 سال قید کی سزا دی گئی اور اس کے علاوہ ان پر دو سال کی سفری پابندی عائد کر دی گئی اور دیگر سزائیں بھی سنائی گئیں۔ وہ فی الحال ایون جیل میں ہیں اور مبینہ طور پر ان سے ملاقات کے حقوق بھی ختم کر دیے گئے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک پریس بریفنگ میں ولیزادہ کی سزا کی شدید مذمت کی اور ان کی ’’فوری رہائی اور ایران میں تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی‘‘ کا مطالبہ کیا۔

ترجمان ملر کا کہنا تھا کہ ’’ایرانی حکومت نے بار بار آزادئ صحافت کو دبایا ہے اور اس کے لیے دھمکیوں، حراستوں، جبری اعترافات اور ایران میں صحافیوں کے خلاف تشدد کا استعمال کیا ہے۔

رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے شائع کردہ 2024 پریس فریڈم انڈیکس میں 180 ممالک میں ایران کا نمبر 176 ہے۔ اس جائزے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران پریس کی آزادی کے معاملے میں دنیا کے سب سے زیادہ جابر ممالک میں سے ایک کے طور پر جانا جاتا ہے۔

قدیم تہوار شب یلدہ ایسا وقت ہے جب ایرانی سال کی طویل ترین رات مناتے ہیں اور اس موقع پر ترجمان ملر نے کہا کہ ’’اس شب یلدہ پر ہم ایرانی عوام کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ جبر کے سامنے ان کی ہمت اور آزادی کے لیے ان کی غیر متزلزل جستجو دنیا کو متاثر کرتی ہے۔ ہم ان کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں اور یہ جانتے ہیں کہ ایک روشن مستقبل کی صبح طلوع ہو گی۔

یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی عکاسی کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG