Accessibility links

Breaking News

ایتھوپیا کی علاقائی خود مختاری کو درپیش خطرات


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کو ایتھوپیا کی علاقائی یکجہتی کو درپیش خطرات کے بارے میں گہری تشویش ہے۔ ان خطرات میں ایک بنیادی خطرہ ملک کے اندر ٹِگرے کے علاقے میں جاری بحران ہے۔ ٹگرے میں لوگوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا بدستور سامنا ہے اور 10 لاکھ سے زیادہ افراد کو خوراک کی کمی درپیش ہے۔ دوسری جانب انسانی ہنگامی ضروریات کی ترسیل میں ایتھوپیا اور اریٹیریا کے عسکریت پسند اور دوسرے مسلح گروہ رکاوٹ پیدا کررہے ہیں۔

ایک بیان میں وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا کہ امریکہ نہایت سخت الفاظ میں ہلاکتوں، زبردستی بے دخلی، سوچے سمھجے انداز میں جنسی تشدد اور انسانی حقوق کی دوسری خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے۔

اُن کے بقول ہمیں شہری املاک کی تباہی پر جن میں پانی کے وسائل، اسپتال اور طبی سہولتیں شامل ہیں برابر کا دکھ ہے، جو اس وقت ٹگرے میں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ امریکہ ایتھوپیا کی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ان لوگوں کو جواب دہ ٹھیرائے جوانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ذمے دار ہیں اور شہریوں کا تحفظ کرے اور بلا روک ٹوک انسانی ضروریات کی اشیا تک رسائی کا اہتمام کرے۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ نمایاں سفارتی رابطوں کے باوجود ٹگرے کے تنازع کے فریقین نے لڑائی کو ختم کرنے اور سیاسی بحران کے پرامن حل کے لیے معنی خیز اقدامات نہیں کیے۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے اریٹیریا کی حکومت سے کہا کہ وہ فوری طور پر اپنی فوجوں کو اریٹیریا کی بین الااقوامی طور پر تسیلم شدہ سرحدوں پر واپس لائے جب تک کہ لڑائی نہیں رکتی، انسانی ضروریات کی اشیا کی رسائی کی اجازت ہونی چاہیے کیوں کہ خوراک کی موجودہ کمی سے قحط کا سامنا ہوسکتا ہے۔

ایتھوپیا کے اندر اس خوفناک صورتِ حال کی روشنی میں وزیرِ خارجہ بلنکن نے ایتھوپیا کے موجودہ یا سابق شہریوں یا اریٹیریا کے سرکاری عہدیداروں، سیکورٹی فورسز کے ارکان اور دوسرے افراد کے لیے جن میں علاقائی فورسز اور ٹگرے پیپلز لیبریشن فرنٹ کے ارکان شامل ہیں جو انسانی امداد کی ترسیل میں رکاوٹ بنے ہیں، ویزے کی پابندیوں کا اعلان کیا۔

ان افراد کے قریبی اہلِ خانہ پر بھی یہ پابندی لاگو ہوسکتی ہے۔ وزیرِ خارجہ بلنکن نے حکومتوں سے کہا کہ ان اقدامات کو اختیار کرنے میں وہ امریکہ کا ساتھ دیں۔

اس کے علاوہ امریکہ نے ایتھوپیا کے لیے وسیع پیمانے پر اقتصادی اور سیکیورٹی اعانت پر حد بندی لگا دی ہے۔ تاہم وزیرِ خارجہ نے وضاحت کی کہ ہم ایتھوپیا کے لیے انسانی امداد اور دوسری بنیادی اعانت جاری رکھیں گے۔

اریٹیریا کے لیے موجودہ وسیع پابندیاں بہرحال قائم رکھی جائیں گی۔ امریکہ نے ٹگرے میں بحران کو حل کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کا عہد کررکھا ہے تاکہ مفاہمت اور مکالمے میں پیش رفت کے لیے اتھوپیا کے لوگوں کی مدد کی جا سکے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG