Accessibility links

Breaking News

امریکہ وینزویلا کے لیے جمہوریت کی حمایت کرتا ہے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ نے وینزویلا کی 2015 میں جمہوری طور پر منتخب قومی اسمبلی کے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے جس میں اس کے مینڈیٹ میں سال بھر کی توسیع کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ خوان گوائیڈو اس کےعبوری صدر ہوں گے۔

وینزویلا کے آخری جمہوری ادارے کے طور پر2015 کی قومی اسمبلی کی اتھارٹی کو امریکہ برابر تسلیم کرتا ہے۔ نکولس مدورو کے سیاسی جبرواستبداد کے طرزِعمل، انسانی حقوق کی مستقل خلاف ورزیوں، سیاسی اور سول سوسائٹی کے ارکان اور آزادیٔ اظہار پر سخت پابندیوں کی وجہ سے وینزویلا کے عوام جمہوری حق خود ارادی سے محروم ہو گئے ہیں۔

محکمۂ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ایک بیان میں کہا کہ ہم وینزویلا میں جمہوری طریقۂ کار اور قانون کی حکمرانی کے قیام کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔

مسٹر پرائس نے کہا کہ ہم نکولس مدورو پر زور دیں گے کہ میکسیکو میں مذاکرات پھر شروع کریں اور وینزویلا کے عوام کے فائدے کے لیے نیک نیتی کے ساتھ یہ کام کریں۔ ہم تمام مناسب سفارتی اور اقتصادی وسائل کو استعمال کرتے ہوئے وینزویلا اور بین الااقوامی شراکت داروں کے وسیع تر گروپ کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔ تاکہ ان تمام لوگوں کوجنہیں سیاسی وجوہ کی بنا پر غیر منصٖفانہ طور پر حراست میں لیا گیا ہے ان کی رہائی، اظہار رائے کی آزادی کے احترام اور دوسرے آفاقی انسانی حقوق اور ان کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی امریکہ بین الااقوامی برادری کے ارکان کے ساتھ کام جاری رکھے گا تاکہ وینزویلا میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لیے سازگار ماحول کی خاطر دباؤ جاری رکھا جا سکے۔

امریکہ وینیزویلا کے لوگوں کے مصائب کو کم کرنے اور ملک میں انسانی بحرانوں کو ختم کرنے کی کوششوں کی بھی حمایت کرتا ہے۔ 2017 کے بعد سے امریکہ نے انسانی ہمدردی ، معیشت، ترقی اور صحت کے شعبوں میں ایک اعشاریہ نو ارب ڈالر سے زیادہ کی امداد مہیا کی ہے تاکہ وینزویلا کے اندر اور ساتھ ہی علاقے سے فرار اختیار کرنے پر مجبور ہونے والوں کی مدد کی جا سکے۔

وینزویلا کے لوگ جب کہ منصفانہ اورآزادانہ انتخابات کے ذریعے جمہوریت کی پرامن بحالی کے لیے کام کررہے ہیں، امریکہ ان کی پرزور وکالت کرتا رہے گا۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG