Accessibility links

Breaking News

لوکا شینکو حکومت کے خلاف امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی پابندیوں میں اضافہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے تہیہ کیا ہے کہ بیلاروس کے عوام کے خلاف ظالمانہ سلوک اور بین الاقوامی معیار کو کھلم کھلا نظرانداز کرنے پر لوکا شینکو حکومت کو اس کی بھاری قیمت ادا کرنا ہو گی۔ امریکہ نے برطانیہ ، کینیڈا اور یورپی یونین کے ساتھ مل کراس حکومت اوراس کے حامیوں پر اضافی پابندیاں عائد کی ہیں۔

وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے اعلان کیا ہے کہ امریکی محکمۂ خزانہ نے بلاک پراپرٹی کے طور پرتین طیاروں کی نشان دہی کی ہے اور 32 ایسے افراد اور اداروں کو نامزد کیا ہے جو حکومت کے جبرواستبداد کی حمایت اور مدد کرتے ہیں۔ امریکہ نے اپنی پابندیوں کا دائرہ بڑھاتے ہوئے بیلاروس کے خود مختار قرضوں کی لین دین پر بعض پابندیاں لگا کر بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں تک بیلاروس کی رسائی محدود کردی ہے۔

برطانیہ نے بیلا روس کے آٹھ افراد کو نامزد کیا ہے جو جبر و استحصال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ذمّہ دار ہیں۔

کینیڈا نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے چوبیس افراد اور سات اداروں پر پابندیاں عائد کی ہیں۔ ان نئی پابندیوں کا نشانہ بیلاروس کی سیاحت، فوج، دفاع اور سیکیورٹی سروسز کو بنایا گیا ہے۔

یورپی یونین نے بیلاروس کے سترہ افراد اور گیارہ اداروں پر پابندیاں لگائی ہیں۔ اس میں تیل کی کمپنی ،بیلاروس نیفٹ بھی شامل ہے۔ یورپی یونین کی جانب سے نامزد ہونے والے اداروں میں سرکاری طیارہ بردار بلیویا اور سرکاری سیاحت کی کمپنی سینٹر کوروٹ شامل ہیں۔ سیاحت کا یہ ادارہ لاکھوں غیر قانونی تارکینِ وطن کو بیلاروس کی سرحد سے پولینڈ، لٹویا اور لیتھونیا منتقل کرتا آرہا ہے۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ "آج کے اقدام سے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ظالم حکومت جو مسلسل بیلا روس کے عوام پر جبر روا رکھے ہوئے ہے، اُس کے خلاف قدم اٹھانے کے سلسلے میں ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔ اِس حکومت نے یورپ کے امن اور سلامتی کو بھی خطرے میں ڈالنے کے علاوہ اُن لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جو آزادی کی فضا میں رہنا چاہتے ہیں۔

یہ پابندیاں اِس بات کا بھی جواب ہیں کہ لوکا شینکو حکومت دوسرے ملکوں کے بے یار ومدد گار تارکین وطن کا ظالمانہ استحصال کرتے ہوئے انہیں اپنی سرحدوں سے یورپی یونین کے ملکوں میں اسمگل کرنے کا کاروبار کر رہی ہے۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے لوکا شینکو حکومت سے دوسری باتوں کے علاوہ یہ بھی کہا کہ وہ آزاد میڈیا، سیاسی مخالفین اور بیلاروس کے عوام کے خلاف کارروائیاں بند کرے، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے، جمہوری مخالفین اور سول سوسائیٹی سے مخلصانہ مکالمہ کرے۔ بے سہارا لوگوں پر ظلم و جبر کا خاتمہ کرے اور بین الاقوامی نگرانی میں آزاد اور منصفانہ انتخابات منعقد کرائے۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے واضح الفاظ میں کہا کہ امریکہ انسانی حقوق اوربنیادی آزادی کی حمایت میں بیلا روس کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اوربیلا روس میں انتہا پسندانہ مؤقف کے جواب میں لوکا شینکو حکومت کے ساتھ یا اس کے لیے کاروبار کرنے والوں کو امریکہ مہنگی قیمت چکانے پر مجبور کرے گا۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG