اقوامِ متحدہ میں امریکہ کے خصوصی سیاسی امور کے لیے متبادل نمائندے رابرٹ ووڈ نے کہا ہے کہ امریکہ حکومت عراق کے ساتھ مل کر طویل مدتی حکومتی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور گہرا کرنے کے لیے بدستور اپنے عزم پر قائم ہے جس کا مقصد ایک محفوظ، مستحکم اور خود مختار عراق کی تشکیل ہے۔
لیکن سفیر ووڈ نے کہا کہ کہ بدقسمتی سے ایران سے وابستہ ملیشیا گروپس ،سات سال پہلے آئی ایس آئی ایس یا داعش کی علاقائی شکست سے حاصل ہونے والی ان کامیابیوں کے لیے نقسان دہ ہیں جو عراق نے سخت لڑائی کے بعد حاصل کیں۔
ان کے الفاظ ہیں کہ اکتوبر 2013 سے عراق، شام اور اردن میں امریکی اور اتحادی افواج پر ان گروپوں نے 165 سے زیادہ حملے کیے اور افسوس ناک طور پر 28 جنوری کو تین امریکی فوجی ہلاک اور درجنوں دوسرے زخمی ہو گئے جب ایران سے وابستہ ملیشیا گروپوں نے ان امریکی افواج پر حملہ کیا جو آئی ایس آئی ایس یا داعش کے خلاف لڑائی میں حصہ لینے کے لیے اردن میں متعین ہیں۔ یہ نقصان تباہ کن ہے۔ ناقابلِ قبول ہے اور اس قسم کے حملے جاری نہیں رہ سکتے۔
سفیرووڈ کہتے ہیں کہ اسی نوعیت کے متعدد حملے عراق میں متعین امریکی اور اتحادی افواج پر کیے گئے جن کے نتیجےمیں ہلاکتیں ہوئیں۔
ان میں عراقی شراکت دار بھی شامل تھے جو آئی ایس آئی ایس یا داعش کے خلاف مشترکہ لڑائی میں پیش پیش ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’’ریاستی کنٹرول سے باہر کارروائیاں کرنے والے مسلح گروپ عراقی حکومت کے اختیار اور عراقی عوام کے لیے ایک سنگین خطرہ ہیں اوراس استحکام کو درہم برہم کرنے کا خطرہ بنتے ہیں جس کے حصول کے لیے عراقیوں نے سخت جدوجہد کی ہے۔
سفیر ووڈ نے کہا کہ عراق کے لیے اقوامِ متحدہ کے امدادی مشن یایو این اے ایم آئی کو اب بھی اہم کام انجام دینے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’’یہ ادارہ یو این اے ایم آئی تمام سماجی اور معاشی شعبوں میں درپیش چیلنجوں کے سلسلے میں پہلے ہی بیش بہا مدد فراہم کر چکا ہے جس میں انتخابات، حقوق انسانی کا فروغ اور تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ اور گورننس کے شعبے میں اصلاحات کے شعبے شامل ہیں۔
یہ صرف چند شعبے ہیں اور ایک قابلِ توجہ نکتہ یہ کہ عراق میں 18 دسمبر کو صوبائی کونسل کے انتخابات ہوئے جو عمومی طور پر منظم اور پر امن رہے۔
یہ جزوی طور پر یو این اے ایم آئی کے تربیت یافتہ انتخابی عملے اور پولنگ اسٹیشنوں پر دستیاب آلات کے سبب ممکن ہو سکا۔
امریکہ یو این اے ایم آئی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ عراقی کردستان خطے کے پارلیمانی انتخابات کرانے کی تیاری میں عراق کے خود مختار الیکٹورل کمیشن کی بلا کسی تاخیر کے مدد کرے۔
یہ انتخابات اس موسمِ بہار میں منعقد ہو رہے ہیں۔ امریکہ انسانی حقوق کے تحفظ اور خلاف ورزیوں کے لیے استثنیٰ کا مقابلہ کرنے کی عراقی حکومت کی کوششوں میں مدد کرنےکے لیے بھی یو این اے ایم آئی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
امریکہ خطے میں ایک پارٹنر کے طور پر عراق کے ساتھ استحکام اور امن کے لیے کام جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔
یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی ترجمانی کرتا ہے۔