Accessibility links

Breaking News

ہیٹی کے زلزلہ زدگان کے لیے امریکی امداد


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جنوری 2010 میں جب ہیٹی میں ایک بڑا زلزلہ آیا تھا جس میں بدقسمتی سے ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے تو امریکہ نے فوری طور پر ہنگامی بنیاد پر ردِعمل ظاہر کیا اور تلاش اور بچاؤ کی ٹیموں اور طبی عملے کی تعیناتی عمل میں آئی اور ساتھ ہی سیکڑوں ٹن خوراک کی ایمرجنسی امداد، پینے کا پانی، دوائیں اور حفظانِ صحت سے متعلق اشیا اور عارضی پناہ گاہیں بھی مہیا کی گئیں۔

چودہ اگست 2021 کو ایک اور بڑے زلزلے نے ہیٹی کو ہلا کر رکھ دیا جس کے نتیجے میں خاصی تعداد میں لوگ ہلاک اور زخمی ہو گئے اور تباہی دیکھنے میں آئی۔ امریکہ نے پھر ہیٹی کے لوگوں کو فوری طور پر امداد کی پیش کش کی۔

صدر جو بائیڈن نے کہا کہ ہیٹی کے لوگ جب کہ پہلے ہی آزمائش کے دور سے گزر رہے تھے، ایسے میں مجھے سینٹ لوئی ڈو سوڈ میں آنے والے تباہ کن زلزلے پر صدمہ ہے۔

صدر کا کہنا تھا کہ میں ان تمام لوگوں سے تعزیت کرتا ہوں جن کے پیارے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور جن کے گھر بار اور کاروبار تباہ ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے فوری طور پر امریکہ کی جانب سے کارروائی کے احکامات دیے ہیں اور اس کے لیے رابطے کی خاطر یو ایس اے آئی ڈی کی منتظم سمانتھا پاور کو امریکہ کے سینئر عہدے دار کے طور پر نامزد کیا ہے۔

یو ایس اے آئی ڈی کی وساطت سے ہم نقصان کا اندازہ لگانے کی کوششوں اور ان لوگوں کی بحالی میں مدد دے رہے ہیں جنہیں زخم آئے ہیں اور ان لوگوں کی اعانت کی جا رہی ہے جنہیں اب تعمیرِ نو کا اہم کام کرنا ہے۔

امریکہ بدستور ہیٹی کے لوگوں کا قریبی اور دائمی دوست رہے گا اور اس المیے کے بعد ان کے ساتھ ہو گا۔

ہیٹی کو قدرتی آفات سے خطرات لاحق رہتے ہیں، چاہے وہ طوفان ہوں یا زلزلے۔ اس بات کے پیشِ نظر یو ایس اے آئی ڈی نے ترکِ وطن سے متعلق بین الاقوامی تنظیم اور اقوامِ متحدہ کے عالمی پروگرام برائے خوراک کے لیے اعانت کے کام کا آغاز کیا تھا تاکہ وہ ہنگامی بنیاد پر امدادی ساز و سامان اور خوراک کی سپلائی کا بندوبست کر سکیں اور ساتھ ہی ہیٹی کے عملے کی اس صلاحیت کو بہتر بنا سکیں کہ وہ وسائل کو یکجا کریں اور بوقتِ ضرورت ضروری سامان کی ترسیل کریں۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ ہیٹی میں جب تباہی آئے تو زندگی بچانے والا پہلے سے موجود ساز وسامان فوری طور پر متاثرہ آبادی میں تقسیم کے لیے دستیاب ہو اس فیصلے کی دانشمندی زلزلے کے بعد آشکار ہوئی۔ جب یو ایس اے آئی ڈی کے شرکا تیزی کے ساتھ زندگی بچانے والی اشیا کی تقسیم شروع کرنے کے قابل ہو سکے۔

مزید برآں یو ایس اے آئی ڈی نے تباہی کی صورت میں امدادی ٹیم جسے 'ڈارٹ' بھی کہا جاتا ہے، زلزلے کے ایک دن بعد متعین کر دی۔ 16 اگست تک ہیٹی کی حکومت کی درخواست پر امریکی ادارے نے شہری علاقوں میں تلاش اور بچاؤ کی اعلی ٹیم کی تعیناتی کی جو اس وقت ڈارٹ کے حصے کے طور پر تلاش اور بچاؤ کا کام کر رہی ہے اور اس کے لیے ہیٹی کے عملے کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔

یو ایس اے آئی ڈی کو محکمہ دفاع کے یو ایس جنوبی کمان اور امریکی کوسٹ گارڈز کی مدد بھی حاصل ہے، جو ڈارٹ کے عملے کو تباہ شدہ علاقے میں پہنچانے اور ہیٹی کے زخمی لوگوں کو علاج معالجے کے لیے پورٹ او پرنس تک لے جانے میں سہولت فراہم کر رہا ہے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG