نکاراگوا کے کرپٹ حکام پر امریکہ کی جانب سے پابندیاں عائد

نکاراگوا میں حکومت کے خلاف ہونے والے ایک احتجاج کا منظر (فائل فوٹو)

نکاراگوا میں حکومت کے خلاف ہونے والے ایک احتجاج کا منظر (فائل فوٹو)

ایسے مالیاتی آپریشن اور سرکاری عہدیداروں کو نشانہ بنانے کی کوشش میں جو بدستور نکاراگوا کی جمہوریت کو نقصان پہنچا رہے ہیں، امریکی حکومت نے دو افراد انا جولیا گوئیڈو اوگوا، پال او کوئسٹ کیلی اور ایک تنظیم 'کایا رورل نیشنل یا کارونا' کے خلاف تعزیرات عائد کردی ہیں۔

یہ کارروائی انتظامی حکم نامے 13851 کے تحت کی گئی ہے۔ یہ افراد اور یہ ادارہ نکاراگوا میں ڈینئل اورٹیگا کی حکومت کی بدعنوان اور جابرانہ سرگرمیوں سے استفادہ کرتے رہے ہیں۔

ایک تحریری بیان میں امریکہ کے وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ گوئیڈو اور اوکوئسٹ کے خلاف تعزیر سے اورٹیگا حکومت اور ان لوگوں کے خلاف احتساب کے عمل کو تقویت ملتی ہے جو اپنی ظالمانہ سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ کارونا نامی کوآپریٹو کے خلاف تعزیر عائد ہونے سے حکومت کے ایک اور وسیلے کے استعمال کا دروازہ بند ہو جائے گا۔

گوئیڈو اٹارنی جنرل ہیں اور خبروں کے مطابق ان پر الزام ہے کہ انہوں نے سرکاری وکیلوں کے ایک گروپ کی تشکیل میں مدد دی جس نے نکاراگوا کی نیشنل پولیس کے ساتھ مل کر سیاسی قیدیوں کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کیے۔

امریکہ نے نکاراگوا کی نیشنل پولیس کے خلاف پہلے ہی تعزیر لگا رکھی ہے۔ اس کے علاوہ ان ہی اطلاعات کے مطابق اس خصوصی یونٹ نے جسے گوئیڈو نے قائم کیا تھا، گزشتہ دو برس کے دوران ایسے قیدیوں کے خلاف جنہیں پر امن مظاہرے پر حراست میں لے لیا گیا تھا الزامات عائد کرنے میں صرف کیے ہیں۔

وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ کوئسٹ صدر اورٹیگا کے سیکریٹری ہیں اور حکومت کے جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جواز مہیا کرنے اور ان پر پردہ ڈالنے میں ان کا کردار نمایاں ہے۔

کارونا بچت اور قرضوں کی ایک کوآپریٹو ہے جو نکاراگوا کی وینزویلا کے ساتھ رعایت پر چلنے والی تیل کی تنظیم ہے جو آمدن کی ترسیل کے لیے اورٹیگا حکومت کے اصل وسیلے کے طور پر کام دیتی ہے۔ اس سے اورٹیگا کی سرپرستی میں چلنے والے نیٹ ورک کی ادائیگی کے لیے کام لیا جاتا ہے۔

حکومت کے عہدیدار جن میں وہ شامل ہیں جن پر غیر ملکی اثاثوں سے متعلق محکمہ خزانہ کے دفتر نے تعزیرات لگا رکھی ہیں، اپنے ناجائز اثاثوں کو چھپانے کے لیے کارونا میں دیکھ بھال کے ضوابط کی عدم موجودگی سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔

امریکہ کے وزیرِ خزانہ اسٹیو منوچن نے کہا کہ اورٹیگا حکومت اپنے ارکان کے ذاتی فائدے اور اصلاحات کے لیے نکاراگوا کے لوگوں کے مطالبات کو نظرانداز کرنے کی خاطر سرکاری وسائل کا بدستور غلط استعمال کر رہی ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ نے اورٹیگا حکومت کو بدستور ہدف بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے اور اس مقصد کے لیے ان لوگوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور ان کی نشان دہی کی جا رہی ہے جو حکومت کی کھلم کھلا بدعنوانی میں سہولت کار کا کام کرتے ہیں۔

امریکہ، نکاراگوا کے لوگوں کی حمایت اور جبر واستبداد کو کم کرنے کے لیے اورٹیگا حکومت پر دباؤ ڈالنے، انسانی حقوق کا احترام کرنے اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لیے ایسے حالات پیدا کرنے کی خاطر جن سے نکاراگوا میں جمہوریت بحال ہو سکے، ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**