پاناما میں ترک وطن اور تحفظ سے متعلق وزرا سطح کی کانفرس میں وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا کہ کرہ ارض کے مغربی حصے میں بڑے پیمانے پر ترک وطن کے مسئلے سے نمٹنا امریکہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔
"اپنی سرحدوں کی سیکیورٹی کے محفوظ، منظم اور ہمدردانہ طریقے سے دفاع میں ہماری گہری دلچسپی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مغربی کرہ ارض کے ان لاکھوں افراد کی بھلائی کا احساس ہے جو بہتر زندگی کی تلاش میں اپنے گھروں اور کمیونٹیوں کو چھوڑنے جیسا سنگین قدم اٹھاتے ہیں۔
یہ سفر عموماً خطرناک ہوتے ہیں۔ تارکینِ وطن ہر طرح کے استحصال کے نشانے پرہوتے ہیں۔ ان میں بہت سے بچے ہیں جن کی قسمت، جن کا مستقبل انتہائی غیر یقینی ہے۔ ان کا خیال رکھنا بھی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
امریکہ ان بنیادی مسائل پر توجہ رہا ہے جو بہت سے لوگوں کو تارک وطن بننے پر مجبور کرتےہیں، جن میں غربت، معاشی مواقعوں کی کمی، بدعنوانی، سیاسی ہلچل اور عدم تحفظ شامل ہیں۔ ان سب کی شدت میں ماحولیات کے بحران اور کووڈ-19 نے اضافہ کیا ہے۔
تارکینِ وطن کی اسمگلنگ کرنے والے نیٹ ورکس کا مقابلہ کرنے، ہمدردانہ اور مؤثر باڈر منیجمنٹ کو بہتر بنانے غلط معلومات کا مقابلہ کرنے اور تارکینِ وطن اور پناہ گزین جو ایسے محفوظ مقام کی تلاش میں ہیں جسے وہ اپنا گھر کہہ سکیں، ان کے لیے قانونی راستے پیدا کرنے کے لیے دوسرے ملکوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے بارے میں امریکہ پرعزم ہے۔
وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ بالخصوص ہمیں ان کمونیٹیز کو مستحکم اور مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنا ہے جو تارکینِ وطن کی بڑی آبادیوں کی میزبانی کر رہی ہیں۔ ہمیں انہیں وہ وسائل حاصل کرنے میں مدد دینی ہے جو انہیں اپنی زندگی دوبارہ شروع کرنے کے لیے درکار ہیں جن میں ملازمتوں تک رسائی اور تعلیم شامل ہیں۔ اور لوگوں کی صحت اور تحفظ کے لیے زیادہ وسائل، سوشل سروسز بہتر انفراسٹرکچر اور سب کے لیے مواقع کے ذریعے ہمیں یہ یقینی بنانا ہے کہ ہماری مدد ان کمیونٹیز کو براہ راست فائدہ پہنچائے۔
یہ کام اس خطے کی حکومتوں کا تو ہے مگر ساتھ ہی غیر سرکاری تنظیموں، نجی سیکٹر، کثیر فریقی ترقیاتی اور فنانشل اداروں اور صحت اور ماحولیات کے لیے کام کرنے والی مقامی اور عالمی ایجنسیوں کا بھی ہے۔ امریکہ ان مختلف گروپوں کو ملانے اور ان کی تمام کوششوں کو اس مسئلے کے حل کے لیے وسائل بروئے کار لانے میں مدد دے گا۔
وزیر خارجہ بلنکن نے کہا کہ جنگ عظیم دوم کے بعد آج دنیا میں سب سے زیادہ لوگ، تقریباً پچانوے ملین، اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور، نقل مکانی کر رہے ہیں۔ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس کا سامنا کرنے کے لیے ہمیں ایک ہونا ہوگا، مل کر کام کرنا ہوگا اور متحد ہونا ہوگا۔
حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**