Accessibility links

Breaking News

یوکرین کی امداد جاری رہے گی؛ امریکی وزیر دفاع کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جنوری کے آخر میں امریکہ نے تقریباً ڈھائی ارب ڈالر کے نئے سیکیورٹی پیکیج کا اعلان کیا تاکہ یوکرین روسی حملے کے خلاف بہتر طور پر اپنا دفاع کرنے کے قابل ہو سکے۔

امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے جرمنی کے ریمسٹائین ایئر بیس پر یوکرین کا دفاع کرنے والے رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہادری سے اپنا دفاع کرنے والے یوکرین کے باشندوں کی حمایت کے سلسلے میں یہ نئے سال کے موقعے پر ہمارے عزم کی تجدید ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوٹن نے یوکرین کے عوام کی جرات مندی کے بارے میں اور نہ یوکرین کی عسکری مہارت کے بارے میں درست اندازہ لگایا تھا۔

امریکی وزیرِ دفاع نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی امداد کی رفتار اور عزم کو قائم رکھنا ہوگا۔ ہمیں علم ہے کہ روس جارحیت اور فتوحات کے لیے تلا ہوا ہے اور روسی افواج اپنے خوفناک حملوں میں اضافہ کر رہی ہے اور یوکرین کے بے گناہ باشندوں کو قتل کر رہی ہے۔

امریکی وزیرِ دفاع آسٹن نے یہ بھی کہا کہ ہم نے چند روز پہلے یوکرین کے شہر نیپورو میں روس کے اس ظالمانہ جنگی مظاہرے کو دیکھا جب اس کے میزائیل حملوں نے ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو مسمار کر دیا جس میں بچّوں سمیت 46 افراد ہلاک ہو گئے۔

روسی افواج مسلسل یوکرین کے شہروں اور شہریوں پر بمباری کر رہی ہیں۔ روسی افواج بجلی گھروں کو نشانہ بنا رہی ہیں، کھیل کے میدانوں، یوکرین کے ثقافتی اور تاریخی مقامات پر حملے کر رہی ہیں۔ در اصل ان روسی حملوں کا مقصد یوکرین کو روح کو مجروح کرنا ہے۔

وزیر دفاع آسٹن نے کہا کہ "یہ یوکرین کے لیے ایک فیصلہ کن لمحہ ہے، دنیا کے لیے اس فیصلہ کن دہائی میں"ہم یوکرین کے اپنے دفاع کی حمایت کریں گے اس میں چاہے جتنا وقت لگے۔ ہمیں اپنے قابلِ قدر اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ کھڑے ہونے پر فخر ہے۔"

وزیر دفاع آسٹن نے کہا کہ "پولینڈ بکتر بند گاڑیاں فراہم کرنے، یوکرینی افواج کو تربیت دینے اور یوکرین کے پناہ گزینوں کو پناہ دینے میں پیش پیش ہے۔

ہمارے جرمن میزبانوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ یوکرین کے لیے پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم بھی فراہم کریں گے جو ہمارے اپنے پیٹریاٹ دفاعی نظام کی قوت میں اضافہ کرے گا۔ اسی طرح کینیڈا نے اعلان کیا کہ وہ یوکرین کو فضائی دفاعی نظام فراہم کرے گا۔

فرانس نے لائٹ ٹینک کے اہم عطیے کا بھی اعلان کیا، دوسرے بہت سے یورپی ملکوں نے بھی فوجی امدادی مشن کے حصے کے طور پر اپنے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

وزیر دفاع آسٹن نے کہا یہ ایک اہم لمحہ ہے۔ روس دوبارہ منظم ہو رہا ہے، بھرتیاں کر رہا ہے اور خود کو دوبارہ سے مسلح کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ہمیں اس موقعے پر سستی نہیں دکھانی چاہیے بلکہ زیادہ چابک دستی سے تیاری کرنا ہو گی۔ یوکرین کے لوگ ہمیں دیکھ رہے ہیں۔ کریملن ہمیں دیکھ رہا ہے۔ اور تاریخ ہمیں دیکھ رہی ہے۔

لہذا، ہم اپنے اس مشن کو نہیں چھوڑیں گے اور ہم یوکرین کو روس کی سامراجی جارحیت کے خلاف دفاع میں مدد کرنے کے اپنے عزم سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG