Accessibility links

Breaking News

کووڈ-19 پرمکمل کنٹرول ہی محفوظ مستقبل کا ضامن ہے


فائل فوٹو
فائل فوٹو


نائب صدر کملا ہیریس نے کووڈ-19 کی دوسری سربراہی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک عالمی برادری کے طور پر، ہم نے کووڈ-19 عالمی وبا پر قابو پانے کے لیے قابلِ ذکر پیش رفت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود مسلسل کارروائی کے بغیرزندگی اورذریعہ معاش خطرے میں رہے گا۔ ہم سب کو واضح طور پر یہ سمجھ لینا چاہیے کہ ہمارے اجتماعی قول و فعل میں ابھی کامل اطمینان کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

ہمارے مقاصد دہرے ہیں ایک، ہمیں خطرے کا جواب دینا جاری رکھنا چاہیے اور دوم ہمیں مستقبل کی تیاری کرنی ہے۔ جب تک کووڈ وائرس کسی ایک ملک میں بھی موجود ہے، یہ ہم سب کو متاثر کرسکتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ امریکہ اپنے دوستوں، اتحادیوں اور شراکت داروں سے مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ کووڈ-19 وبائی مرض پرقابو پانے کی کوششوں کو دگنا کریں اوریہ انتہائی اہم ہے کہ مستقبل میں صحت کی ہنگامی صورتِ حال کا مقابلہ کرنے کی ابھی سے تیاری کریں۔

صدر جو بائیڈن نے کہا کہ یہ سربراہی اجلاس ہماری کوششوں کی تجدید کا ایک موقع ہے، جب اس عالمی وبائی مرض کو قابو میں رکھنے اور مستقبل میں صحت کے بحرانوں کو روکنے کی بات آتی ہے تو لازم ہے کہ ہم بے پرواہ ہونے کے بجائے اس پر توجہ مرکوز رکھیں۔

امریکہ مستقبل میں صحت کے بحرانوں کو روکنے کے لیے دنیا کے ہر شخص کو ویکسین لگانے، زندگیاں بچانے اور صحت کے تحفظ کو بہتر بنانے کی عالمی کوششوں میں بھر پور کردار ادا کرتا رہے گا۔

کوویکس اور افریقی ویکسین ایکوزیشن ٹرسٹ کے ساتھ شراکت داری کے علاوہ انفرادی ممالک اورایک دوسرے کے ساتھ کام کرتے ہوئے، امریکہ نے 115 ممالک کو 539 ملین سے زیادہ خوراکیں عطیہ کی ہیں اور زندگی بچانے والے ٹیسٹ، علاج اورطبّی سامان فراہم کیا ہے۔

اس کے ساتھ ، ہم اگلی کسی ممکنہ وبائی بیماری کی تیاری کے لیے متعدد ممالک کے ساتھ کام بھی کر رہے ہیں۔ صدر بائیڈن نے کہا کہ مستقبل میں، "امریکہ، عالمی ادارہ صحت کےکووڈ-19 ٹیکنالوجی ایکسس پول کے ذریعے ٹیکنالوجیز ساری دنیا کے ساتھ بانٹے گا۔

ہم اسٹیبلائزڈ اسپائک پروٹین سمیت صحت کی ایسی ٹیکنالوجیز فراہم کر رہے ہیں جو امریکہ کی حکومت کی ملکیت ہیں، یہ پروٹین کووڈ 19 کی ویکسینز میں استعمال ہوتا ہے۔

ہم تیزی سے ٹیسٹنگ اور اینٹی وائرل علاج تک رسائی کو مشکل ترین علاقوں میں لوگوں تک بڑھانے کے لیے گلوبل فنڈ کے ساتھ مل کر ایک نیا پائلٹ پروگرام تیار کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ ہم کسی نئے عالمی وبائی امراض کے لیے تیاری اورعالمی صحت کے تحفظ کے مالیاتی فنڈ کے لیے اپنی حمایت میں اضافہ کر رہے ہیں جواس موسم گرما میں عالمی بینک میں 45 کروڑ ڈالر کے بنیادی مالی سرمائے کے ساتھ قائم کیا جائے گا۔

صدر بائیڈن نے کہا۔ "ہم مل کرعالمی صحت کے بحرانوں کا سامنا کریں گے۔ اس وقت سوال کیوں کا نہیں ہے بلکہ یہ سوال کب کا ہے۔ ہمیں اب نئے ویریئنٹ اور اگلی عالمی وبا کو روکنے کے لیے ابھی سے کام شروع کرنا ہوگا۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG