Accessibility links

Breaking News

شام کے عوام کی ضرورتیں اولین ترجیح ہونی چاہئیں


اقوامِ متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ دفتر کے مطابق خطے میں 41 لاکھ افراد کو امداد کی ضرورت ہے۔ ان میں سے 33 لاکھ لوگ ضرورت کے لیے کافی خوراک حاصل کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔

باب الحوا، ترکی اور شمالی شام کے درمیان واحد سرحدی گزرگاہ ہے جو شام کے شمال مغربی علاقے میں واقع ہے اور اقوامِ متحدہ کی امداد کی ترسیل کے لیے اب بھی کھلی ہوئی ہے۔

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کئی برسوں سے ہر سال کئی کراسنگ پوائنٹس کے ذریعے امداد کی ترسیل کا دوبارہ اختیار دینے کے لیے ووٹ دے رہی ہے۔ تاہم 2021 میں روس نے ان ترسیلات کو ایک کراسنگ پوائنٹ تک محدود کر دیا تھا۔ پھر 2022 میں روس نے اس اختیار کو اس بات پر اصرار کرتے ہوئے مزید محدود کر دیا کہ ہر چھ ماہ بعد اس کی تجدید کرائی جائے۔

نو جنوری کو مینڈیٹ کی میعاد ختم ہونے سے ایک دن پہلے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے باب الحوا کو کھلا رکھنے کے حق میں ووٹ دیا۔ اقوامِ متحدہ میں مستقل امریکی مندوب لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے کہا کہ امریکہ سرحد کے آر پار انسانی امداد کی ترسیل کے طریقۂ کار پر اس قرارداد کی متفقہ منظوری کا خیر مقدم کرتا ہے۔

لنڈا تھامس کے بقول "سرحد کے آر پار ترسیل کے نظام کو وسعت دیتے ہوئے ہم نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ شام کے لوگوں تک خوراک، پانی، پناہ گاہوں کے لیے اشیا اور دیگر ضروری انسانی امداد پہنچتی رہے۔ ہم نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ہیضے کی خوف ناک وبا کا سامنا کرنے والے ملک کے لیے طبّی آلات اور علاج کے ساز و سامان کی ترسیل منقطع نہیں کی جائے گی۔ اور ہم نے اس بات کو بھی یقینی بنایا ہے کہ انسانی ہمدردی کے کارکن اپنا جرات مندانہ کام انجام دیتے رہیں گے۔"

سفیر تھامس گرین فیلڈ نے کہا کہ ایسے میں جب یہ لائف لائن کام کرتی رہے گی، اور بھی بہت کچھ کیا جا سکتا تھا۔ اس قرارداد کی تجدید کو کبھی بھی بحث کا موضوع نہیں بننا چاہیے تھا۔ ہمیں اب اس بحث کی ضرورت ہے کہ مزید امداد کے ساتھ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچنے کے طریقۂ کار کو کیسے مضبوط اور مستحکم کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا "ہمیں شامی عوام کو دکھانا چاہیے کہ ہم ان کی زندگی کے انسانی پہلوؤں کو اوّلیت دیتے رہیں گے۔ ہم ضرورت مندوں تک متوقع رسائی کو بڑھانے کے لیےجو کچھ بھی ہمارے اختیار میں ہے، وہ کریں گے۔ کیوں کہ اس وقت پورے شام میں، شمال مغرب سے شمال مشرق تک، شام کے تمام 14 گورنریٹس میں، ضرورتیں اس سے کہیں زیادہ ہیں جتنی پہلے کبھی نہیں تھیں۔

سفیر تھامس گرین فیلڈ نے کہا کہ ایسے میں جب دنیا بھر میں انسانی ضروریات میں اضافہ ہوا ہے، امریکہ کی شامی عوام کے ساتھ وابستگی غیر متزلزل ہے۔ ہم طویل عرصے سے بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتے آ رہے ہیں کہ شامی عوام کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فراخ دلی سے مدد فراہم کرے۔ ہم ایک بار پھر اسد حکومت پر زور دیتے ہیں کہ اتنے برسوں بعد اور اتنے تشدد کے بعد اس بے رحمانہ جنگ کو ختم کرنے اور ایک منصفانہ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے کام کرنے کے لیے جو کچھ بھی ضروری ہے، وہ کریں۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG