Accessibility links

Breaking News

امریکی غیر ملکی امداد کی تنظیمِ نو


ٹرمپ انتظامیہ کے غیر ملکی امدادی پروگراموں کو روکنے اور اس کا جائزہ لینے اور بین الاقوامی ترقی کی امریکی ایجنسی یا یو ایس اے آئی ڈی کی تنظیمِ نو کے فیصلے نے امریکی وابستگی کے بارے میں سوال اٹھایا ہے کہ مستقبل میں غیر ملکی امداد کے لیے اس کا مؤقف کیا ہو گا۔

یو ایس اے آئی ڈی حکومت کی بنیادی امدادی ایجنسی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس نے 2023 میں 43 ارب ڈالر سے زیادہ کی امداد تقسیم کی ہے۔

وزیر خارجہ مارکو روبیوکو یو ایس اے آئی ڈی کا نگران مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ یو ایس اے آئی ڈی میں تبدیلی ’’غیر ملکی امداد کو ختم کرنے کے بارے میں نہیں ہے۔‘‘

وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اس ادارے کی تنظیم نو ایسے انداز میں کرنا ہے جو امریکہ کے قومی مفاد کو آگے بڑھائے۔‘‘

وزیر خارجہ روبیو نے توجہ دلائی ہے کہ یو ایس اے آئی ڈی کی تشکیل کرنے والے قانون نے واضح کر رکھا ہے کہ ایجنسی کو صدر، قومی سلامتی کونسل اور وزیر خارجہ سے ہدایت لینا ہے۔ تاہم پھر بھی گزشتہ دو دہائیوں کے دوران یو ایس اے آئی ڈی ایسا کرنے میں ناکام رہی ہے۔

وزیر خارجہ روبیو کا کہنا ہے کہ ’’ہماری ترجیح یو ایس اے آئی ڈی کے تمام پروگراموں کی جانچ کرتے ہوئے اس کا مکمل جائزہ لینا ہے جیسے ہم دنیا بھر میں جن پروگراموں کو فنڈ دیتے ہیں وہ کون سے ہیں؟

وہ کون سے پروگرام ہیں جو امریکہ کی خارجہ پالیسی سے ہم آہنگ ہیں؟ اور کون سے پروگرام ایسے ہیں جن میں ہمیں شامل نہیں ہونا چاہیے؟ ‘‘

وزیرِ خارجہ روبیو نے کہا کہ اس طرح کا جائزہ اور نگرانی امریکی ٹیکس دہندگان کے حوالے سے لازمی ہے۔

وزیرِ خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ ’’یہ نجی فنڈز نہیں ہیں۔ یہ امریکی ٹیکس دہندگان کی رقم ہے اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اسے سمجھداری سے خرچ کریں۔ اس رقم میں سے کچھ رقم خرچ کرنے کے لیے مختص کی جا سکتی ہے۔ اصل ترجیحات کا تعین کر کے پہلے سے بھی زیادہ رقم استعمال کی جا سکتی ہے ۔ یہی ہمارا مقصد بھی ہے۔‘‘

وزیرِ خارجہ روبیو نے کہا کہ محکمہ خارجہ کے برعکس بدقسمتی سے یو ایس اے آئی ڈی نے تعاون نہیں کیا۔

وہ کہتے ہیں کہ ’’محکمہ خارجہ میں ہمارے پروگرام افسروں کی جانب سے ہمیں حقیقی صورتِ حال کا علم ہوا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم ہر روز محکمہ خارجہ کے انسانی امداد جاری رکھنے کے لیے پروگراموں پر چھوٹ دے رہے ہیں۔‘‘

وزیرِ خارجہ روبیو نے مشاہدہ کیا کہ ’’احکامات جاری ہونے کے بعد بھی یو ایس اے آئی ڈی میں ایسے افراد موجود تھے جو ادائیگیوں کو جاری رکھنے کی کوشش کر رہے تھے اور یہ احکامات کی کھلی خلاف ورزی تھی۔‘‘

امریکی محکمہ خارجہ اب دنیا بھر میں کھلے عام ان مشنوں کو شامل کر رہا ہے جو یو ایس اے آئی ڈی پروگراموں میں شامل ہیں اور اس بات کی نشاندہی کی جارہی ہے کہ کون سے امدادی پروگرام امریکی مفادات کے مطابق ہیں۔

وزیرِ خارجہ روبیو نے کہا کہ جو پروگرام امریکی مفاد کے مطابق ہیں وہ محفوظ رہیں گے کیوں کہ وہ ہمارے قومی مفاد کو آگے بڑھاتے ہیں، ہمیں مضبوط کرتے ہیں اور خوشحالی کا باعث بنتے ہیں اور یہ پروگرام نہ صرف ہمارے لیے بلکہ ہمارے شراکت داروں اور اتحادیوں کے لیے فائدہ مند ہیں۔‘‘

یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی عکاسی کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG