صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ اس جنیوا متفقہ اعلامیہ میں دوبارہ شامل ہو رہی ہے جو ایک مشترکہ بین الاقوامی اقدام ہے اور جس کے تحت خواتین کی صحت اور خاندان کی بہبود کو فروغ دینا مقصود ہے۔
اس اعلامیے کی تشکیل 2020 میں ہوئی تھی اور جس کی قیادت امریکہ نے پانچ دیگر اسپانسرز کے ساتھ کی تھی۔ سن 2021 میں اس وقت کے صدر جو بائیڈن نے اس اعلامیے کی امریکی توثیق کو منسوخ کر دیا تھا جس میں اس وقت 35 سے زیادہ دستخط کنندگان موجود ہیں۔
جنیوا متفقہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’’اسقاطِ حمل کوئی بین الاقوامی حق نہیں ہے اور نہ ہی ریاستوں کی کوئی بین الاقوامی ذمہ داری ہے کہ وہ اسقاطِ حمل کے لیے مالی اعانت یا سہولت فراہم کریں۔
اس کے علاوہ اعلامیے میں اس بات پربھی زور دیا گیا ہے کہ ’’ہر قوم کو یہ خود مختار حق حاصل ہے کہ وہ اپنے قوانین اور پالیسیوں کے مطابق پروگراموں اور سرگرمیوں کو نافذ کرے۔‘‘
اعلامیہ کا متن دستخط کنندگان کے لیے ’’خواتین کے لیے صحت اور ترقی کے فوائد تک رسائی کو بہتر اور محفوظ بنانے کے عزم کا اظہار کرتا ہے جس میں جنسی اور تولیدی صحت شامل ہے ۔
اس کے تحت اسقاطِ حمل کے بغیر ہمیشہ بہترین صحت اور صحت کے اعلیٰ ترین معیار کو فروغ دینا چاہیے۔
اعلامیہ اس بات کی مذمت کرتا ہے کہ ’’صحت کی دیکھ بھال کے نظام کی بنیادی توجہ بیماری کے علاج پر ہے نہ کہ صحت کو برقرار رکھنے کے ایک جامع نقطہ نظر کو بھی روکنا ۔‘‘
اس کے علاوہ اعلامیے کے اصولوں میں یہ عہد بھی کیا گیا ہے کہ سیاسی، اقتصادی اور عوامی زندگی کی تمام سطحوں پر خواتین کے لیے تمام انسانی حقوق اور مواقع سے بھرپور لطف اندوز ہونے کو یقینی بنانے کے لیے کام کیا جائے۔
جنیوا متفقہ اعلامیے میں امریکہ کی جانب سے رکنیت کی تجدید کا اعلان کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے توجہ دلائی کہ اس اعلامیے کے چار بنیادی مقاصد ہیں کہ ’’خواتین کے لیے صحت اور ترقی کے بامعنی فوائد کو محفوظ بنانا؛ تمام مراحل پر زندگی کا تحفظ کرنا؛ معاشرے کی بنیادی اکائی کے طور پر خاندان کا دفاع کرنا اور ان اقدار پر عمل درآمد کے لیے اقوامِ متحدہ کے پورے نظام کو مل کر کام کرنا۔‘‘
وزیرِ خارجہ روبیو نے کہا کہ ’’ امریکہ اقوامِ متحدہ کے نظام میں رکن ممالک کے تعاون سے ان مقاصد کو حاصل کرے گا جس میں خواتین اور لڑکیوں کی بہتر صحت کے لیے ہماری مسلسل مشترکہ خواہش کے تحت کام کرنا شامل ہے۔
خواتین کی صحت اور بہبود میں سرمایہ کاری زندگیوں کو بچاتی ہے، خواتین اور لڑکیوں کو مزید مواقع فراہم کرتی ہے اور معاشرے کی بنیادی اکائی کے طور پر خاندان کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔
یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی عکاسی کرتا ہے۔