Accessibility links

Breaking News

بدعنوانی پر پیراگوائے کے تین شہریوں کے خلاف امریکی تعزیرات


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بائیڈن ہیرس انتظامیہ یہ سمجھتی ہے کہ بدعنوانی کے خلاف اقدامات امریکہ کی قومی سلامتی کے مفاد کی کلید ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ دنیا بھر میں بدعنوانی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتا ہے۔

بدعنوان کرداروں کے خلاف کارروائیاں کرنے اور امریکہ کے مالیاتی نظام کو غلط استعمال سے بچانے کے لیے غیر ملکی اثاثوں کے کنڑول سے متعلق امریکہ کے محکمۂ خزانہ کے دفتر 'او ایف اے سی' نے پیرا گوئے کے تین شہریوں کے خلاف پیرا گوئے میں بدعنوانی کے سلسلے میں تعزیرات عائد کی ہیں۔ ان کے نام ہیں: قاسم محمد حجازی، خلیل احمد حجازی اور لز پاولا ڈولڈن گونزالیز۔

او ایف اے سی نے ان افراد سے منسلک پانچ اداروں کے خلاف بھی تعزیرات لگائی ہیں۔ وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن کا کہنا ہے کہ امریکہ نے اس بات کا عہد کر رکھا ہے کہ وہ بدعنوانی کا قلع قمع کرنے اور ان لوگوں کو جواب دہ ٹھیرانے کے لیے جو سرکاری اداروں کو نقصان پہنچاتے ہیں، پیرا گوئے کی کوششوں کی حمایت کرے گا۔

قاسم محمد حجازی سیوداد ڈل اسطے، پیرا گوئے میں قائم کالے دھن کو سفید بنانے والی ایک تنظیم کو کنڑول کرتے ہیں۔ قاسم کا نیٹ ورک جسے سرکاری عہدیداروں کو رشوت سے مدد حاصل ہوتی ہے، دکھاوے کی کمپنیوں اور امریکہ سمیت دنیا بھر میں کاروباری تعلقات کی وساطت سے کام کرتا ہے۔

ان کے ساتھ ہی خلیل احمد حجازی پر اس وجہ سے تعزیرات لگائی گئی ہیں کہ وہ قاسم کی بدعنوان سرگرمیوں میں مادی اعانت مہیا کر رہے تھے۔

او ایف اے سی نے پیراگوئے میں رجسٹرڈ کمپنیوں اسپانا انفورمیٹکا، ایم پرن ڈی منٹوس مشن ایس اے، اپالو انفورمیٹکا ایس اے اور منڈو انفورمیٹکا کے خلاف اس لیے تعزیرات لگائی گئی ہیں کہ وہ خلیل کی ملکیت تھیں یا وہ ان کا کنڑول چلارہے تھے، اور پیرا گوئے ہی میں رجسٹرڈ کمپنی اسپانہ انفورمیٹکا ایس اے کے خلاف یہ تعزیر لگائی کہ وہ بھی قاسم کی ملکیت تھی یا اس پر ان کا کنڑول تھا۔

لیز پاولا ڈولڈن گونزالز، قاسم کی ایک شراکت کار ہیں۔ درمیان کی ایک شخصیت کے طور پر انہوں نے بندر گاہ کے کارکنوں اور پیرا گوئے کے کسٹم عہدیداروں کو رشوتیں دیں تاکہ پیرا گوئے کے ذریعہ درآمدات اور برآمدات چلتی رہیں۔

پیرا گوئے میں قائم ان کی کمپنی موبائل زون انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپورٹ کے خلاف او ایف اے سی نے اس لیے تعزیرات لگائی ہیں کہ وہ ڈولڈن کی ملکیت تھیں یا اس پر ان کا کنڑول تھا۔

قاسم، خلیل اور ڈولڈن کے خلاف انسانی حقوق کی جواب دہی کے عالمی میگنٹسکی ایکٹ کے تحت تعزیرات عائد کی گئی ہیں، جو ان لوگوں کو ہدف بناتا ہے جو دنیا بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور بدعنوانی کا سنگین ارتکاب کرتے ہیں۔

ان تعزیرات کے نتیجے میں تعزیرات کے شکار تمام افراد یا ان کے اداروں کی امریکہ کے اندر املاک یا وہ املاک جو امریکی شہریوں کے قبضے یا کنڑول میں ہوں گی منجمد کر دی جائیں گی اور امریکیوں پر ان افراد کے ساتھ لین دین کی ممانعت ہو گی۔

او ایف اے سی کی ڈائریکٹر اینڈریا ایم گاچکی نے کہا کہ عالمی میگنٹسکی تعزیرات کے پروگرام کے تحت ان کارروائیوں سے اس بات کا اظہار ہوتا ہے کہ ہم نے بدعنوانی کا قلع قمع کرنے اور ان عہدیداروں کے محاسبے کا تہیہ کر رکھا ہے جو سرکاری اداروں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

محکمۂ خزانہ بدعنوان کرداروں اور ان کی دکھاوے کی کمپنیوں کو بین الاقوامی مالیاتی نظام کے اس نوعیت کےغلط استعمال سے روکنے کے لیے دنیا بھر میں اپنے اختیارات سے کام لیتا رہے گا جس سے قواعد و ضوابط پر چلنے والے لوگوں کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG