Accessibility links

Breaking News

امریکہ نے شامی عوام کی مدد کے لیے پابندیاں نرم کر دیں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ نے شامی عوام کی مدد کے لیے سیاسی منتقلی کے وقت شام کو انسانی امداد پر عائد پابندیوں میں نرمی کر دی ہے۔ شام دنیا کے سب سے زیادہ پابندی والے ممالک میں سے ایک تھا جو سابق صدر بشار الاسد کی بربریت کا ردِعمل تھا۔

بشار الاسد نے حکومت مخالف مظاہروں پر وحشیانہ جبر کرتے ہوئے ملک میں 13 سالہ خوفناک خانہ جنگی کو بھڑکا یا۔ آٹھ دسمبر کو ان کی حکمرانی کا خاتمہ اس وقت ہوا جب ہیئت التحریر الشام یا ایچ ٹی ایس نامی گروپ کی قیادت میں اسلام پرست باغی دمشق میں داخل ہو گئے اور اسد کو جلاوطنی پر مجبور کر دیا۔ ایچ ٹی ایس کبھی القاعدہ کے ساتھ منسلک تھا اور اس نے چند ہفتوں میں ایک عبوری حکومت قائم کر دی ہے۔

امریکی محکمہ خزانہ نے چھ جنوری کو اعلان کیا کہ وہ شام میں بعض سرگرمیوں اور لین دین کے لیے عام لائسنس جاری کر رہا ہے۔

یہ عمل اس بات کویقینی بنانے کے امریکی عزم کی نشاندہی کرتا ہے کہ امریکی پابندیاں عوامی خدمات یا انسانی امداد کی فراہمی سمیت بنیادی انسانی ضروریات کو پورا کرنے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی ہیں۔

محکمہ خزانہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ اجازت چھ ماہ کے لیے ہے کیوں کہ امریکی حکومت زمینی حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

شام کے خلاف امریکہ کی بیشتر پابندیاں برقرار ہیں تاہم امریکہ نے ایچ ٹی ایس کے رہنما احمد الشارع کے لیے رکھے گئے مالیاتی انعام کی پیش کش کو ختم کردیا ہے۔

الشارع کو محمد الجولانی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ امریکہ سمیت مغربی حکام نے الشارع سے ملاقات کی ہے اور ان کی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ تمام شامیوں کی ضروریات اور حقوق کے لیے جواب دہ ہو۔

صدر جو بائیڈن نے دسمبر میں خبردار کیا تھا کہ شام کے نئے رہنماؤں کا دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سنگین ریکارڈ ہے۔

انھوں نے اعلان کیا کہ ’’وہ اس وقت درست بات کر رہے ہیں لیکن جیسے جیسے وہ زیادہ ذمہ داری لیتے ہیں اس وقت ہم نہ صرف ان کے الفاظ بلکہ ان کے اعمال کا بھی جائزہ لیں گے۔

امریکی محکمہ خزانہ نے انسانی امداد کے لیے پابندیوں میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے شام کے ’’غیر معمولی حالات" اور امریکہ کی شام کے لوگوں کی حمایت کرنے کی خواہش کی جانب توجہ دلائی کیوں کہ وہ اب زیادہ پر امید، محفوظ اور پرامن مستقبل کی تشکیل کر رہے ہیں۔

محکمہ خزانہ نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے جاری کیے گئے جنرل لائسنس سے ’’اس بات کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی کہ پابندیاں شام بھر میں ضروری خدمات اور گورننس کے کاموں کے تسلسل میں رکاوٹ نہ بنیں۔ ان کاموں میں بجلی، توانائی، پانی اور صفائی کی سہولتوں کی فراہمی شامل ہے۔

محکمہ خزانہ کے ڈپٹی سیکریٹری ویلی ایڈیمو نے اعلان کیا کہ محکمہ شام میں منتقلی کے اس دور کے دوران میں انسانی امداد اور ذمہ دارانہ طرزِ حکمرانی کی حمایت جاری رکھے گا۔

یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی عکاسی کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG