یکم دسمبر کو ایڈز کا 35 واں عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ امریکہ کے صدر کی جانب سے ایڈز سے نجات کے لیے ہنگامی منصوبے یا پی ای پی ایف اے آر کے آغاز کی اس سال 20 ویں سالگرہ ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ میں ہیلتھ سیکیورٹی اینڈ ڈپلومیسی کے سینئر بیورو آفیشل سفیرایٹ لارج جان این کینگاسونگ امریکی گلوبل ایڈز کوآرڈینیٹر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب پی ای پی ایف اے آر یا صدارتی منصوبے کی تشکیل کی گئی تو اس وقت ’’افریقہ کے متعدد ممالک میں عمر کی متوقع شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی تھی اور کچھ ممالک کی معدومی کا خطرہ تھا۔‘‘
سفیرایٹ لارج جان این کینگاسونگ کہتے ہیں کہ ’’میرے خیال میں یہ یکجہتی اور اقدار کے اظہار کا سب سے بڑا عمل تھا جسے امریکی عوام نے ایک پورے برِاعظم کو بچانے کے لیے شروع کیا جسے زبردست چیلنجز کا سامنا تھا۔
اس سال ایڈز کے عالمی دن کا تھیم ’’یاد رکھیں اور عزم کریں‘‘ ہے۔
سفیر کا کہناہے کہ ’’ پی ای پی ایف اے آر اور دیگر پروگراموں کے تحت گلوبل فنڈ نے جو کامیابی حاصل کی ہے اسے دیکھتے ہوئے اب لوگوں کو یاد ہی نہیں رہا کہ اس وقت صورتِ حال کیسی تھی۔ چاہے آپ بوٹسوانا میں ایک ایسا بچہ دیکھ رہے ہوں جو ایچ آئی وی انفیکشن سے پاک پیدا ہوا ہے یا پھر ایچ آئی وی سے متاثرہ ایک ایسی خاتون جسے علاج سے فائدہ ہوا ہے اور اب وہ معمول کی زندگی گزار رہی ہے اور اب بچے ایچ آئی وی سے پاک پیدا ہورہے ہیں ۔ یہ قابلِ ذکر ہےاور یہ وہ کہانی ہے جو سنائی جانی چاہیے۔
تاہم ایچ آئی وی/ایڈز سے متاثرہ لوگوں کے علاج میں حاصل ہونے والی کامیابی کا معاملہ بہت نازک ہے کیوں کہ اگر کوئی مریض علاج چھوڑ دیتا ہے تو صرف پانچ ہفتوں میں وائرس واپس آجاتا ہے۔
سفیرایٹ لارج جان این کینگاسونگ کا کہنا ہے کہ ’’اس لیے یہ بہت ضروری ہے کہ ایچ آئی وی پروگراموں کو جاری رکھنے کے لیےسیاسی رابطہ کاری اور سیاسی قیادت کو برقرار رکھا جائے تاکہ ہم صحتِ عامہ کے خطرے کے طور پر ایچ آئی وی ایڈز کو 2030 تک ختم کر سکیں۔
امریکہ کا مقصد یہ ہے کہ صحت کی دیکھ بھال کے لیے رسائی، روک تھام کی کوششوں، تحقیق اور اختراع کو ترجیح بنایا جائے اور یو این ایڈز کے 95-95-95 کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔
اس مقصد کے تحت یہ ضروری ہے کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد میں سے 95 فی صد کو اپنی صورتِ حال کا علم ہو۔ 95 فی صد افراد جو یہ جانتے ہیں کہ ان کی بقاعلاج پر ہے اور 95 فی صد وہ افراد ہیں جو علاج کے ذریعے اس وائرس کو ختم کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
سفیرایٹ لارج جان این کینگاسونگ کا کہنا ہے کہ ’’امریکی حکومت کو ایچ آئی وی کے خلاف جنگ میں اپنی کوششوں کی وجہ سے عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔ عالمی سطح پر صحت ہماری قیادت کے لیے ان شعبوں میں سے ایک ہے جو عالمی سطح پر جانے جاتے ہیں ۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم اس سےالگ نہیں ہو سکتے ہیں۔
یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی ترجمانی کرتا ہے۔