Accessibility links

Breaking News

آزادی کیوبا کے عوام کا حق ہے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کیوبا میں جمہوریت کے سرگرم کارکنوں نے بدستور اس بات کا عہد کر رکھا ہے کہ وہ اپنے ملک کوحکومت کی ظالمانہ پکڑ دھکڑ کے باوجود جبرواستبداد سے آزاد کرا کر رہیں گے۔

گیارہ جولائی سے پورے ملک کے درجنوں شہروں میں کیوبا کے ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے تاکہ وہ اپنے انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے احترام کے لیے پرامن مطالبہ کر سکیں۔ اس کے جواب میں کیوبا کی سیکیورٹی فورسز نے پرتشدد طریقہ سے احتجاج کو دبا دیا اور سیکڑوں مظاہرین کو محض اس لیے گرفتار کرلیا کہ وہ اظہار رائے اور پرامن اجتماع کے اپنے حقوق پر زور دے رہے تھے۔

اس کے بعد سے مظاہرین اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کو سرسری سماعت کے بعد سزائٰیں دی گئی ہیں جس کے دوران منصفانہ مقدمے کی ضمانتوں کو نظرانداز کردیا گیا۔

ستمبر تک انسانی حقوق کے گروپ کیوبا لیکس کے مطابق حراست میں لیے جانے کی 1067 کارروائیاں کی گئیں جس میں سے نصف مبینہ طور پر اب بھی قید میں ہیں۔ جن میں درجن بھر سے زیادہ کم عمر بچے شامل ہیں۔

حراست کے دوران بعض نے جسمانی اذیت کی شکایت کی ہے۔ حراست میں لیے گئے دوسرے افراد بدستور قیدِ تنہائی میں ہیں یا انہیں کسی باضابطہ الزامات کے بغیر بند رکھا جا رہا ہے۔ دوسرے لوگوں کے لیے کیوبا کی حکومت چھ سے 12 سال تک جیل کی اضافی مدت کی وکالت کر رہی ہے۔ ان کا قصور محض یہ ہے کہ انہوں نے ان پرامن مظاہروں میں شرکت کی تھی۔

امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے ایک بیان میں اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ کیوبا کے مسئلے پر غور کرے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک آفاقی ضرورت ہے کہ تمام لوگوں کے انسانی حقوق کا احترام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ بین الاقوامی برادری کیوبا کے مظاہرین کے خلاف جبرواستبداد اور بڑے پیمانے پر ان کی گرفتاری کے خلاف آواز بلند کرے اور ان لوگوں کی رہائی کا مطالبہ کرے جنہیں غیر منصٖفانہ طور پر قید کیا گیا ہے اور اپنے مستقبل کے تعین میں کیوبا کے عوام کی خواہشات کی تائید کرے۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے زور دیا کہ اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کے ایک رکن کی حیثیت میں کیوبا کے عوام کے انسانی حقوق اور ان کی بنیادی آزادیوں کا انسانی حقوق کے بارے میں آفاقی اعلان میں درج اصولوں کے مطابق احترام کرے۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے واضح طور پر کہا کہ کیوبا کے لوگ اس بات کے مستحق ہیں کہ انہیں اپنے حقوق پر زور دینے اور تشدد یا قید و بند کے خوف کے بغیر اپنی امنگوں کے اظہار کا موقع دیا جائے۔ امریکہ، کیوبا کے لوگوں کی حمایت برابر جاری رکھے گا اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے لیے کیوبا کی حکومت کو جوابدہ ٹھیرانے کی خاطر مستقل بنیاد پر وکالت کرتا رہے گا۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG