Accessibility links

Breaking News

مالی میں عبوری حکومت کا قیام


مالی کے عبوری صدرباہ این ڈاؤ اور فوجی بغاوت کے سرخیل اور عبوری نائب صدرکرنل آسیمی گوئیٹا دارالحکومت باماکو میں 25 ستمبر کو ہونے والی اپنی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہیں۔
مالی کے عبوری صدرباہ این ڈاؤ اور فوجی بغاوت کے سرخیل اور عبوری نائب صدرکرنل آسیمی گوئیٹا دارالحکومت باماکو میں 25 ستمبر کو ہونے والی اپنی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہیں۔

اٹھارہ اگست کو مالی کے صدر ابراہیم بو بکر کیٹا کو ایک بغاوت میں معزول کر دیا گیا جس کی بڑے پیمانے پر مذمت کی گئی۔ امریکہ نے فوری طور پر مالی کی حکومت کے لیے اپنی سیکیورٹی امداد بھی روک دی تھی اور مغربی افریقہ کے علاقائی اقتصادی بلاک (ای سی او ڈبلیو اے ایس) نے مالی کے مختلف اداروں کے ساتھ تعلقات معطل کر دیے اور اس وقت تک کے لیے پابندیاں لگا دیں جب تک کہ ایک جمہوری سول حکومت کا قیام عمل میں نہیں آجاتا۔

ستمبر کے آخر میں ایک ریٹائرڈ کرنل باہ این ڈاؤ کو مالی کا عبوری صدر مقرر کر دیا گیا۔ کرنل آسیمی گوئیٹا کو جو بغاوت کرنے والے گروہ کے سربراہ تھے، مالی کا نیا عبوری نائب صدر بنا دیا گیا۔ سویلین سفارت کار اور سابق وزیرِ خارجہ مختار وانکو وزیرِ اعظم نامزد کیے گئے۔ انہیں 18 مہینوں کے لیے جمہوری انتخابات کے انعقاد تک عبوری حکومت کی نگرانی کی ذمہ داری سو نپی جائے گی۔

پانچ اکتوبر کو عبوری صدر کرنل باہ این ڈاؤ نے اپنی کابینہ کا اعلان کیا۔ اس کے بعد ای سی او ڈبلیو اے ایس نے تعزیرات اٹھالیں۔ امریکہ اس عبوری حکومت کے قیام کو آئینی انتظام کی جانب واپسی کی طرف ایک ابتدائی اقدام کے طور پر دیکھتا ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹیگز نے کہا ہے کہ ہم عبوری حکومت پر زور دیں گے کہ وہ مغربی افریقہ کے ملکوں کی اقتصادی تنظیم سے کیے گئے اپنے وعدوں کا احترام کرے جن میں 18 مہینوں کے اندر جمہوری انتخابات کا انعقاد شامل ہے۔

عبوری حکومت کے لیے یہ بھی ضروری ہوگا کہ وہ حکمرانی کو مضبوط کرنے، بدعنوانی کا خاتمہ کرنے، انتخابی طریقۂ کار کی اصلاح کرنے اور مالی میں امن اور مفاہمت کے لیے 2015 کے معاہدے پر عمل درآمد کے سلسلے میں اپنے وعدوں کو پورا کرے۔

اقوامِ متحدہ میں امریکہ کی سفیر کیلی کرافٹ نے زور دیا ہے کہ امریکہ، سویلین اتھارٹی پر فوجی کنٹرول کو نہ تو تسلیم کرے گا اور نہ ہی انتخابات میں تاخیر کو یا ایسے الیکشن کو جو معتبر نہ ہوں۔ الیکشن میں خواتین کی مکمل، مؤثر اور بامعنی شرکت، اندرونِ ملک بے گھر افراد اور پناہ گزینوں، نوجوانوں اور غیر مراعات یافتہ شمالی گروپوں کی شمولیت لازمی طور پر ہونی چاہیے۔

امریکہ مالی کے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہے اور مالی کے لیے اس نے پانچ کروڑ چالیس لاکھ ڈالر انسانی ہمدردی کی امداد کے طور پر مختص کیے ہیں۔

ترجمان اورٹیگز نے کہا کہ ہم اس بات پر کامل یقین رکھتے ہیں کہ ایک جمہوری، خوش حال اور محفوظ مالی ساحل کے علاقے کے مستقبل کے لیے ضروری ہے۔ ساٹھ سال سے زیادہ عرصے سے مالی کے ایک شراکت دار کی حیثیت سے امریکہ آئندہ بھی ان تمام لوگوں کے ساتھ کام کرے گا جو ان تمام اہداف سے وابستگی رکھتے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ مالی کے عوام تمام لوگوں کے لیے ایک بہتر اور روشن مستقبل کی تعمیر کی خاطر متحد ہو جائیں۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG