Accessibility links

Breaking News

چین کے ساتھ بات چیت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے سنگاپور میں اپنے چینی ہم منصب وزیر دفاع ڈونگ جون سے ملاقات کے بعد کہا کہ’’دفاعی رہنماؤں کے لیے بات کرنے کا صحیح وقت کسی بھی وقت ہو سکتا ہے اور ہر وقت ہوتا ہے۔‘‘

وزیر دفاع کہتے ہیں کہ ’’غلط فہمی اور غلط اندازوں سے بچنے کے لیے کھلے ابلاغ کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ جیسا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے۔ مکالمہ کوئی انعام نہیں ہوتا، یہ ایک ضرورت ہے۔‘‘

فوجی رہنماؤں کے درمیان براہ راست بات چیت 31 مئی کو شنگری لا ڈائیلاگ دفاعی فورم کے موقع پر ہوئی۔ امریکہ اور چین کے اعلیٰ دفاعی سربراہوں کے درمیان 18 ماہ سے زائد عرصے میں یہ پہلی ذاتی ملاقات تھی۔

وزیر دفاع آسٹن نے تبادلہ خیال کو ’بے تکلف‘ اور ’کھلا‘ قرار دیا۔ پینٹاگان نے ایک تحریری بیان میں کہا کہ دیگر مسائل کے علاوہ وزیر دفاع آسٹن نے چین کے ان اشتعال انگیز اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا جو تائیوان کے نئے صدر کے انتخاب کے بعد تائیوان کے خلاف اٹھائے گئے۔ وزیر دفاع آسٹن نے اپنی دیرینہ واحد چین پالیسی کے لیے امریکی وابستگی پر زور دیا اور آبنائے تائیوان میں امن اور استحکام کی ضرورت کا اعادہ کیا۔

وزیر دفاع آسٹن نے خاص طور پر بحیرہ جنوبی چین میں جہاز رانی کی آزادی کی اہمیت پر بھی زور دیا جس کی بین الاقوامی قانون کے تحت ضمانت دی گئی ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی قانون کی اجازت کے تحت پروازکرنے، بحری جہاز چلانے اور ذمہ داری سے کام کرنے کے امریکی عزم کا بھی اعادہ کیا۔

وزیر دفاع آسٹن نے ملاقات کے بارے میں تبادلہ خیال کرتے ہوئےاس بات کا اعادہ کیا کہ ’’ہر بڑے یا چھوٹے ملک کو اپنے سمندری وسائل سے مستفید ہونے اور بین الاقوامی قانون کی اجازت والے علاقوں میں آزادانہ طور پر جہاز رانی اور کام کرنے کا حق حاصل ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ’’ہم سب اس بات کو یقینی بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں کہ بحیرہ جنوبی چین کھلا اور آزاد رہے۔ اس خطے میں امن اور استحکام پوری دنیا کے لیے بہت ضروری ہے۔

وزیر دفاع آسٹن نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ اپنے تعلقات میں جو دیکھنا چاہتے ہیں وہ مسابقت پر مبنی تعلق ہے۔ ہم متنازعہ تعلقات کے خواہاں نہیں لیکن ہمیں واضح طور پر اپنی توقعات کے بارے علم ہونا چاہیے۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’’جو مسائل ہمارے سامنے ہیں وہ انتہائی پریشان کن ہیں اور اگر ہم مکالمے کے لیے کشادہ مؤقف رکھتے ہیں تو ہم ان مسائل کو حل کر سکتے ہیں۔

وزیر دفاع آسٹن نے اعلان کیا کہ ’’عظیم طاقتوں کے رہنماؤں کو یہ بات یقینی بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کی ضرورت ہے کہ ہم غلط اندازوں اور غلط فہمیوں کے مواقع کو کم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور ہر گفتگو خوش گوار گفتگو نہیں ہو گی۔ لیکن یہ ضروری ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کرتے رہیں۔

یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی ترجمانی کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG