Accessibility links

Breaking News

کووڈ 19 پرقابو پانے کے لیے امریکہ نے کوششیں تیز کر دیں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اومیکرون کی قسم کے ظہور میں آنے کے بعد اور زندگی کے بچاؤ سے متعلق معاملات اور ٹیکوں تک یکساں رسائی میں درپیش چیلنجوں کی وجہ سے کووڈ نائنٹین کا مقابلہ کرنے کے لیے دنیا ایک نازک مرحلے پر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ اپنے ریسکیو پلان ایکٹ سے مزید 58 کروڑ ڈالر مہیا کررہا ہے تاکہ کووڈ نائنٹین کا مقابلہ کرنے میں مصروف سات بین الاقوامی تنظیموں کی مدد کی جاسکے۔

امریکہ نے اب تک دنیا بھر میں 110 سے زیادہ ملکوں کو ویکسین کی 35 کروڑ خوراکیں دی ہیں۔ اس وائرس اور اس کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکہ اپنے شراکت داروں کو صحت کی دیکھ بھال اور کووڈ نائنٹین کے امدادی پروگرام کے لیے انیس اعشاریہ چھ ارب ڈالر سے زیادہ مہیا کررہا ہے۔

ایک بیان میں وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے کہا کہ اومیکرون کا تیزی سے پھیلاؤ اس بات کی اہمیت کو واضح کرتا ہے کہ ہم سب کے لیے لازم ہے کہ ہم اس عالم گیر وبا کو ختم کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو مسلسل تیز کریں اور یہ کہ اس وقت تک کوئی محفوظ نہیں ہے جب تک کہ ہم سب محفوظ نہیں ہیں۔ اٹھاون کروڑ ڈالر کی اس اضافی امداد سے امریکہ سات شراکت داروں کی اعانت کر رہا ہے تاکہ عالمی وبا کو ختم کرنے کے لے اس اہم کام میں تیزی پیدا کی جائے جو وہ انجام دے رہے ہیں۔

اس فنڈنگ میں عالمی ادارہ صحت کے لیے 28 کروڑ ڈالر شامل ہیں جس میں سے ہنگامی حالت میں ضرورت کے وقت کام آنے والے فنڈ کی خاطر پانچ کروڑ ڈالر رکھے گئے ہیں تاکہ کووڈ نائنٹین کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے جس میں خاص طور پر دیکھ بھال اور لیبارٹریز میں ہونے والی جانچ شامل ہے۔

سترہ کروڑ ڈالر اقوامِ متحدہ کے بچوں کے فنڈ میں جائیں گے تاکہ دنیا بھر میں کووڈ نائنٹین کی ویکسین کی تقسیم کے اس کے پروگرام کو وسعت دی جاسکے جس میں ایسے آبادیاں شامل ہیں جن کو سب سے زیادہ خطرات لاحق ہیں۔

ساڑھے سات کروڑ ڈالر صحت سے متعلق امریکی تنظیموں کے لیے ہیں تاکہ شمالی اور جنوبی امریکہ میں کووڈ نائنٹین کے ٹیکوں کے پروگرام پرعمل درآمد اوران کی مانیٹرنگ کے لیے فنی تعاون مہیا کیا جاسکے۔

دو کروڑ ڈالرآبادی سے متعلق اقوام متحدہ کے فنڈ کی مدد کے لیے ہوں گے تاکہ کووڈ نائنٹین کے حوالے سے زچہ و بچہ کی اموات کی شرح کو کم کرنے کی خاطر اس کی کوششوں میں مدد دی جاسکے۔

ایک کروڑ ڈالرخوراک وزراعت کےعالمی ادارے کو دیے جائیں گے تاکہ صحت کی دیکھ بھال، قبل ازوقت انتباہ اور جانوروں سے پھیلنے والی بیماریوں کے خطرات سے متعلق جائزے کے آلات کی فراہمی بہتر بنائی جاسکے۔ اسی طرح 50 لاکھ ڈالر سے اقوام متحدہ کے خواتین کے پروگرام کی فنڈنگ کی جائے گی تاکہ صنفی بنیاد پر کیے جانے والے تشدد کا تدارک کیا جاسکے۔

ان وسائل سے امریکہ اور امریکہ کے لوگوں کی اس گہری وابستگی کا اظہار ہوتا ہے جو وہ کووڈ نائنٹین کی عالم گیر وبا کو 2022 میں ختم کرنے کے لیے عالمی عزم کو تقویت پہنچانے کی خاطر، صدر بائیڈن کے عہد کے مطابق، ایک زیادہ صحت مند اور محفوظ دنیا کے لیے رکھتے ہیں۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG