Accessibility links

Breaking News

امریکہ اور نائیجیریا کی صحت کے حوالے سے شراکت داری


نائیجیریا اور امریکہ نے صحت کی دیکھ بھال کو بہتر بنانے کے لیے کئی برسوں سے شراکت داری کی ہے۔ وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے اپریل میں کہا تھا کہ ہم نے ایسے پروگراموں کے تحت نائیجیریا کے چھ کروڑ سے زیادہ لوگوں تک رسائی حاصل کی ہے جن کے تحت صحتِ عامہ سے متعلق کارکنوں کی تربیت کی جاتی ہے۔ طبی سہولتوں کو فروغ دیا جاتا ہے اور دواؤں، ٹیکوں اور زچہ و بچہ کی دیکھ بھال تک رسائی کو بہتر بنایا جاتا ہے۔

امریکہ اور نائیجیریا کے درمیان صحت کے شعبے میں شراکت داری سے متعلق ایک ورچوئل تقریب میں تقریر کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ دنیا بھر میں ایچ آئی وی ایڈز میں مبتلا 13 لاکھ سے زیادہ لوگوں کا امریکی پروگرام کے تحت علاج معالجہ کیا جا رہا ہے تاکہ ان کی جانیں بچائی جا سکیں۔ اس پروگرام کا نام پیپ فار ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے کہ اس پروگرام کے تحت نائیجیریا میں آئندہ دو برسوں میں ہم اس وبا پر تیزی کے ساتھ کنٹرول کرنے کے مرحلے میں ہوں گے۔ ملیریا پر قابو پانے کے لیے امریکی صدر کے منصوبے کے تحت چھ کروڑ مچھر دانیاں اور زندگی بچانے کے لیے علاج معالجے کی سہولتیں مہیا کی گئی ہیں تاکہ 13 کروڑ لوگوں کو ملیریا کے انفیکشن سے نجات دلائی جا سکے۔ اس کی وجہ سے گزشتہ عشرے کے دوران ملیریا سے اموات کی شرح نصف سے بھی کم ہو گئی ہے۔

یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور گزشتہ برس صحت کی عالمی تنظیم نے سرکاری طور پر نائیجیریا کو پولیو کے وائرس سے بھی پاک قرار دیا۔ یہ اگلے محاذوں پر کام کرنے والے کارکنوں کی انتھک محنت کی وجہ سے حاصل کی جانے والی ایک شان دار کامیابی تھی۔ امریکہ کو پولیو کے خاتمے کے عالمی پروگرام کے تحت ان کارکنوں کی اعانت پر فخر ہے۔

اب امریکہ اور نائیجیریا سمیت پوری دنیا کو کووڈ نائنٹین کی عالم گیر وبا کا سامنا ہے۔ وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ امریکہ نے نائیجیریا اور ہر جگہ اس عالمی وبا کو ختم کرنے میں مدد دینے کا عہد کر رکھا ہے۔

وزیرِ خارجہ بلنکن کا کہنا تھا کہ ہم نے کو ویکس کے لیے جو کووڈ کے ٹیکوں کا عالمی پروگرام ہے دو ارب ڈالر دیے ہیں۔ ہم نے اب سے 2022 تک مزید دو ارب ڈالرز کا وعدہ کیا ہے جب کہ دوسرے ممالک بھی اپنے طور پر اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ مجھے اس بات پر خوشی ہے کہ کو ویکس کی مہیا کردہ کووڈ نائنٹین ویکسین نائیجیریا پہنچ گئی ہے۔

امریکہ اور نائیجیریا وبائی امراض، اس کے پھوٹ پڑنے پر جوابی اقدامات، لیبارٹریوں کے آپریشن، اعداد وشمار کے تجزیے اور ٹیکوں کی تقسیم کے کام میں تعاون کر رہے ہیں۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ یہ صحتِ عامہ کے شعبوں میں عشروں سے جاری ہماری پانچ ارب ڈالرز کی شراکت داری کا حصہ ہے اور یہ ان مضبوط اور قابلِ احترام تعلقات کا ثبوت ہے جو ہم نے اپنے دونوں ملکوں اور نائیجیریا اور امریکہ کے عوام کے درمیان کئی برسوں کے دوران قائم کیے ہیں۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ آنے والے مہینوں اور برسوں میں نائیجیریا میں تمام لوگوں کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے ہمارے درمیان تعاون کی صلاحیت نہایت اہمیت کی حامل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سب سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ امریکہ صحت کے شعبے میں نائیجیریا کے ساتھ باہمی شراکت داری پر آپ سبھی کا کتنا ممنون ہے اور اس پر ہمیں کتنا فخر ہے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG